سعودی عرب میں مقیم سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کا ’عید مبارک‘ کا پیغام
سعودی عرب کے یوم تاسیس کے موقعے پر کرسٹیانو رونالڈو کو مملکت کے روایتی لباس میں دیکھا گیا (فائل فوٹو: النصر کلب)
سعودی کلب النصر کی نمائندگی کرنے والے عالمی شہرت یافتہ سپرسٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے جمعے کو دو ٹویٹس کے ذریعے اپنے مداحوں کو عید کی مبارک باد دی۔
عرب نیوز کے مطابق النصر کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے کرسٹیانو رونالڈو کی ٹریننگ سیشن کے بعد کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے۔
ویڈیو میں پُرتگال کے سپرسٹار نے الوحدہ کلب کے خلاف پیر کو کنگز کپ کے سیمی فائنل سے قبل اپنی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ سیشن کے بعد پرستاروں کے نام ’عید مبارک‘ کا پیغام جاری کیا۔
رونالڈو جنہوں نے گذشتہ برس دسمبر میں سعودی عرب کے النصر کلب کو جوائن کیا تھا نے اپنے کلب کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا۔ واضح رہے کہ ٹوئٹر پر رونالڈو کے فالوورز کی تعداد 10 کروڑ 83 لاکھ ہے۔
انہوں نے ٹریننگ سین کی مختلف تصاویر کو اپنی ٹویٹ کے ذریعے شیئر کیا اور ساتھ لکھا کہ ’سیمی فائنل کی تیاری پر توجہ۔‘
’آج دنیا بھر میں جو لوگ عید منا رہے ہیں اُنہیں مبارک باد۔‘
چار ماہ قبل سعودی عرب منتقل ہونے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو اپنا نیا لائف سٹائل اختیار کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔
رواں برس 22 فروری کو اُنہیں سعودی عرب کے یوم تاسیس کے موقعے پر مملکت کے روایتی لباس میں دیکھا گیا، اس کے علاوہ وہ اپنی فیملی کے ساتھ ملک کے اہم تاریخی اور سیاحتی مقامات پر بھی نظر آئے۔