Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برمنگھم میں فلائی اوور کے قریب سے بم برآمد

برمنگھم ..... مقامی فلائی اوور اے 38کے قریب ملنے والے بم کو تلف کرنے کیلئے حفظ ماتقدم کے طور پر آس پاس رہنے والے سیکڑوں خاندانوں کو ان کے گھرو ں سے باہر نکال لیا گیا اور وہ تقریباً رات بھر بم ڈسپوزل اسکواڈ کی جانب سے کلیئرنس کا انتظار کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق 500پونڈ وزنی یہ بم دوسری جنگ عظیم کا تھا اور تعمیراتی پروجیکٹ کیلئے کھدائی کے دوران اسکا سراغ ملا تھا۔ بم کی موجودگی کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے کو چاروں جانب سے گھیر لیا تھا اور لوگوں کو گھر سے باہر چلے جانے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ماہرین کو طلب کرلیا تھا۔ مین روڈ بند کردی گئی جس کی وجہ سے شہر بھر میں زبردست ٹریفک جام دیکھا گیا۔ یہ بم پرائری روڈ سے صبح سویرے ملا تھا۔ جسکے بعد بہت بڑے پیمانے پر علاقے کے گھروں اور دکانوں سے لوگوں کو نکل جانے کیلئے کہا گیا۔ پولیس نے آس پاس کے سیکڑوں مکانات کی تلاشی بھی لی اور مزید بم کی امکانی موجودگی کا کوئی نشان نہ ملنے پر اطمینان کا مظاہرہ کیا تاہم اب تک پوری سڑک عام ٹریفک کے لئے کھولی نہیں گئی ہے۔ ممکن ہے کہ اسے جلد ہی کھول دیا جائیگا۔ واضح ہو کہ جس سڑک پر یہ پل بنا ہے وہ برمنگھم میں بننے والی نئی سڑک ہے اور قریب ہی ریلوے لائن بھی گزرتی ہے تاہم حکام نے صورتحال کے پیش نظر کئی ٹرینوں کی آمد ورفت بھی روک دی ہے۔ علاقے میں رہنے والی 18سالہ لڑکی سبرینا ہارلے کا کہناہے کہ اسے گھر خالی کرنے کو تو کہا گیا مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ رات کو وہ کہاں جائیگی اور کہاں پناہ لے گی۔ بعض لوگوں کا کہناتھا کہ پولیس حکام انکے گھر آئے اور انہیں گھر میں بند رہنے اور کھڑکیاں دروازے پوری طرح سے بند رکھنے کی ہدایت کی تھی جس کی وجہ سے لوگ گھر میں تو رہے مگر خوف کا عالم طاری رہا۔ اچھی بات یہ ہے کہ اتنے بڑے بم کو تلف کرنے اور موقع سے ہٹانے کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

شیئر: