Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ کے ہسپتال پر اسرائیل کا میزائل حملہ، مریضوں کو نکال لیا گیا

سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی تصاویر میں لوگ اپنے رشتہ داروں کو باہر ناکل رہے ہیں (فوٹو: اے پی)
اسرائیل نے غزہ میں ایک ہسپتال پر میزائل حملے کیے ہیں، جس سے عمارت کا بڑا حصہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فسطینی محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ سنیچر اور اتوار کی درمیانی رات اسرائیلی میزائلوں نے الاہلی ارباب ہسپتال کو نشانہ بنایا جس سے ایمرجنسی اور ریسپشن کا ایریا تباہ ہو گیا۔
رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے عملے نے اس وقت مریضوں کو عمارت سے باہر نکال لیا جب حملے سے تھوڑی دیر قبل ایک شخص نے بتایا تھا کہ اس کو ایک کال موصول ہوئی، جس میں دوسری جانب سے اپنا تعارف اسرائیلی سکیورٹی اہلکار کے طور پر کروایا گیا تھا۔
سول ایمرجنسی سروس کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔
ابھی تک اسرائیل کی جانب سے اس حملے کے بارے میں کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اس حملے سے متعلق تصاویر گردش کر رہی ہیں جن کی روئٹرز فوری طور پر تصدیق نہیں کروا سکا۔
ان میں درجنوں لوگوں کو عمارت سے باہر نکلتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور بہت سے لوگ اپنے بیمار یا زخمی رشتہ داروں کو اٹھا کر یا سٹریچر پر باہر لے جاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
حماس حکومت کے زیرانتظام کام کرنے والے میڈیا آفس کی جانب سے بیان میں حملے کی مذمت کی گئی ہے اور اس کو ’ایک بہت بڑا اور گھناؤنا جرم‘ قرار دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق ’اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں صحت کی سہولتوں کو ختم کرنے کے لیے جان بوجھ منظم طور پر 34 ہسپتالوں کو تباہ کیا ہے اور انہیں سروس کے قابل نہیں چھوڑا۔‘
اکتوبر 2023 میں الاہلی ارباب ہسپتال پر حملے میں سینکڑوں کی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی تھیں اور فلسطینی حکام نے اسرائیل پر فضائی حملے کا الزام لگایا تھا جبکہ اسرائیلی حکام کا کہنا تھا کہ دھماکہ اس وقت ہوا تھا جب فلسطینی عسکریت پسند راکٹ داغ رہے تھے اور وہ وہیں پر چل گیا تھا۔
اسرائیل کے اس دعوے کو فلسینی حکام نے مسترد کر دیا تھا۔

شیئر: