جدہ میں ’عبادی الجوھر‘ کے نام سے ایک اور تھیٹر قائم
جدہ میں ’عبادی الجوھر‘ کے نام سے ایک اور تھیٹر قائم
پیر 1 مئی 2023 5:11
تھیٹر جدہ کی تین بڑی شاہراہوں پر واقع ہے (فوٹو عکاظ)
بینچ مارک کمپنی نے نصف صدی تک آواز کا جادو جگانے والے سعودی گلوکار ’عبادی الجوھر‘ کے نام سے جدہ میں تھیٹر کی تعمیر شروع کر دی۔
عکاظ اخبار کے مطابق سعودی محکمہ تفریحات اور اس کے سربراہ ترکی آل الشیخ، عبادی الجوھر کی گرانقدر خدمات کے اعتراف کے طور پر ان کے نام سے سعودی عرب کے بین الاقوامی ساحلی شہر جدہ میں تھیٹر منصوبے کی سرپرستی کر رہے ہیں۔
جدہ شہر میں یہ اپنی نوعیت کا دوسرا تھیٹر ہو گا۔ اس سے قبل ایک اور نامی گرامی گلوکار محمد عبدہ کے نام سے جدہ میں تھیٹر قائم کیا جا چکا ہے۔ ابوبکر سالم کے نام سے بھی ایک تھیٹر ہے جنہوں نے ریاض سیزن میں گزشتہ برسوں کے دوران عرب دنیا کے نامور گلوکاروں کے شانہ بشانہ دسیوں کنسرٹ کیے تھے۔
بینچ مارک کے ایگزیکٹیو چیئرمین محمد زکی حسنین نے کہا ہے کہ ’آل الشیخ چاہتے ہیں کہ نیا تھیٹر سعودی گلوکار کے قد اور رتبے کا آئینہ دار ہو۔‘
حسنین کا کہنا ہے کہ ’عبادی الجوھر تھیٹر مختلف قسم کا ہو گا۔ غالباً یہ اپنی نوعیت کا پہلا ہو گا۔ یہاں رنگا رنگ پروگرام، سٹیج ڈرامے اور سرکس شو بھی ہوں گے۔ یہاں عبادی الجوھر کے حوالے سے میوزیم بھی قائم کیا جائے گا۔ یہاں 14 ہزار میٹر کے رقبے پر نمائش ہال ہوگا جس میں 15 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔ تمام مہمانوں کے لیے کار پارکنگ کا بندوبست ہو گا۔‘
حسنین کا کہنا ہے کہ ’عبادی الجوھر تھیٹر محل وقوع کے حوالے سے منفرد ہو گا۔ یہ جدہ کی تین بڑی شاہراہوں کنگ عبدالعزیز روڈ، امیر سلطان سٹریٹ اور مدینہ منورہ روڈ سے جڑا ہو گا۔ یہ شہر کے سب سے آخری پوائنٹ سے زیادہ سے زیادہ 29 منٹ ڈرائیو پر ہو گا۔‘
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں