Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں موسیقی کے پروگرام خصوصی ایس او پیز کے ساتھ بحال

توکلنا ایپ سے ویکسین ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی محکمہ تفریحات نے دارالحکومت ریاض میں موسیقی کے پروگرام بحال کیے ہیں۔ جمعرات اور جمعے کو ہونے والے کنسرٹ میں سعودی اور عرب گلوکار اور فن کاروں نے شرکت کی ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ریاض میں جمعے کو ہونے والے کنسٹرٹ میں معروف گلوکار محمد عبدہ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس سے قبل جمعرات کو فن کار نبیل شعیل اور گلوکارہ اصالہ نصری نے کنسرٹ کیا تھا۔
محکمہ تفریحات کا کہنا تھا کہ پروگرام میں صرف ویکسین لگوانے والوں کو شرکت کی اجازت ہے۔ گیٹ پر توکلنا ایپ سے ویکسین ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے۔
محکمہ تفریحات نے مزید کہا کہ ویکسین نہ لگوانے والے شائقین کو کنسرٹ سے لطف اٹھانے کا موقع ’فن بوکس‘ ایپ کے ذریعے دیا جائے گا وہ براہ راست پروگرام دیکھ سکیں گے۔
محکمے کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے اپنے ٹوئٹر کے اکاؤنٹ پر بتایا  کہ موسیقی کے پروگرام خصوصی ایس او پیز کی پابندی کے ساتھ بحال کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے کورونا ایس او پیز گائیڈ بک جاری کر دی گئی ہے۔ 
پروگرام کی انتظامیہ اور شائقین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کورونا ایس او پیز کی سختی سے پابندی کریں۔ یہ سب کی صحت و سلامتی کے لیے ضروری ہے۔ کسی بھی پروگرام میں 40 فیصد گنجائش کی پابندی کی جائے۔
معروف گلوکارہ اصالۃ نے ریاض میں کنسرٹ  کے بارے میں شائقین کی دلچسپی پیدا کرنے کے لیے کئی وڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیے۔ انہوں نے شائقین میں جوش پیدا کرنے کے لیے وعدہ کیا کہ وہ تقریب میں ان کے پسندیدہ گانے پیش کریں گی۔ 
نئے کنسرٹ طویل انتظار کے بعد شروع ہوئے ہیں۔ عوام ایک عرصے سے تقریبات کے منتظر تھے۔

شیئر: