مسجد الحرام کے دالانوں سے گزرتے ہوئے ایک معمر پاکستانی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔ صارفین دھیمے طریقے سے ان کے چلنے کے انداز اور چہرے کے نقوش کا تذکرہ ادب سے کر رہے ہیں۔
سی این این عریبک کے مطابق محمد الفیصل نامی صارف نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے جس میں ’معمر زائر‘ حرم شریف میں بیٹھے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
الفیصل نے زائر کا تعارف کراتے ہوئے تحریر کیا ہے کہ ’یہ حاجی عبدالقادر ہیں، پاکستان سے ہیں۔‘
ویڈیو کلپ میں کسی انجانے شخص کی یہ آواز سنی جاسکتی ہے کہ ’یہ صاحب آج سفر کرنے والے ہیں اور حج کے آرزو مند ہیں۔‘
سعودی محکمہ تفریحات کے سربراہ ترکی آل الشیخ، معمر پاکستانی زائر کا ویڈیو کلپ دیکھ کر بے حد متاثر ہوئے۔ وہ پاکستانی بزرگ کی خواہش پوری کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے صارفین سے بزرگ زائر تک رسائی کے لیے مدد طلب کی ہے۔
ترکی آل الشیخ نے ٹویٹ کی کہ ’کون ہے جو مجھے ان کا پتا بتا سکے۔‘
سوشل میڈیا کے سرگرم صارفین معمر پاکستانی کو اسلامی تاریخ کی مشہور شخصیات سے تشبیہہ دے رہے ہیں۔
محمد نامی صارف کا کہنا ہے کہ ’زائر افغانی ہے یا پاکستانی۔ تخیل یا تصور سے کام لیجیے۔ ان سے ملتی جلتی شکل والی شخصیات ہم تاریخی شخصیات سے متعلق ٹی وی سیریل میں مشاہدہ کرچکے ہیں۔ زائر جو لباس پہنے ہوئے ہے وہ ان کے علاقے کا معروف لباس ہے۔ کوئی یہ دعویٰ نہیں کرسکتا کہ خدانخواستہ انہوں نے کوئی ٹی وی سیریل یا کوئی فضول پروگرام دیکھ کر کسی تاریخی شخصیت کی نقالی میں ان جیسا لباس زیب تن کیا ہو۔‘
عیسی نامی صارف کا کہنا ہے کہ ’ایک معمر پاکستانی زائر اپنی قومی پوشاک میں ہیں۔ چہرے کے نقوش اور لباس کا انداز کسی قدر خستہ سا لگ رہا ہے۔ یہ زائر عمرے پر ہیں ان کی خواہش ہے کہ انہیں حج نصیب ہوجائے۔‘
پاکستانی صحافی دلیپ کمار کھتری کے مطابق ’معمر شخص کا نام عبدالقادر ہے اور اب وہ واپس پاکستان پہنچ چکے ہیں۔‘
وائرل بابا جی پاکستان پہنچ گئے۔۔
بابا جی کا نام عبدالقادر ہے جو مری بلوچ ہیں زرائع سے معلوم ہوا کہ گوٹھ حاجی محمد رحیم مری ساکران روڈ حب چوکی بلوچستان کے رہائشی ہیں۔ انکی وڈیو عرب میڈیا پر پچھلے کچھ دنوں سے بہت وائرل اور ٹریڈنگ ہے۔@ShirazHassan @NKMalazai pic.twitter.com/FphsEXyVRJ— Dileep kumar khatri (@DileepKumarPak) April 21, 2023