کویتی پارلیمنٹ تحلیل، فیصلہ آئین کے مطابق ہے: ولی عہد
پارلیمنٹ کی تحلیل سے ملک کے مفادات کا تحفظ ہوگا، کویتی ولی عہد(فوٹو، ٹوئٹر)
کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد الصباح نے پیر کو کویت کی پارلیمنٹ کو تحلیل کردیا ہے۔
کویتی خبررساں ادارے ’کونا‘ کے مطابق ولی عہد نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی تحلیل کا فیصلہ آئین کے مطابق اور عوامی خواہش کے احترام میں کیا گیا ہے۔
پارلیمنٹ کی تحلیل سے ملک کے مفادات کا تحفظ ہو گا۔علاقائی و بین الاقوامی سطح پررونما ہونے والی اقتصادی تبدیلیوں کے تناظرمیں ملک میں استحکام آئے گا۔
خوشحالی اور ترقی کے حوالے سے عوامی امنگیں پوری ہوں گی اور ملک ترقی یافتہ اقوام کی صفوں میں شامل ہوگا۔
کویتی ولی عہد نے توجہ دلائی کہ آئندہ مرحلے میں ملکی انتظامات کے حوالے سے عوامی نمائندوں کے انتخابات کے لیے قوم سے رجوع کرنا ہوگا۔
دریں اثنا عربی روزنامے ’الشرق الاوسط‘ کے مطابق اس سے قبل کویتی کابینہ نے پیر کو پارلیمنٹ کی تحلیل کے حوالے سے سرکاری فرمان کا مسودہ منظوری کے لیے ولی عہد کو پیش کیا تھا۔
کابینہ نے جس کا اجلاس وزیراعظم شیخ احمد نواف الاحمد الصباح کی صدارت میں منعقد ہوا تھا کابینہ تحلیل کرنے کی منظوری دے دی تھی۔
یاد رہے کہ کویتی ولی عہد شیخ مشعل الاحمد گزشتہ مہینے آئین کی دفعہ 107 کے تناظر میں 2020 والی کویتی پارلیمنٹ کی تحلیل کا اعلان کرچکے تھے جسے آئینی عدالت نے بحال کردیا تھا۔