Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماؤنٹ ایورسٹ پر 69 برس کے امریکی کوہ پیما چل بسے

رواں سیزن میں پہلا غیر ملکی کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ پر ہلاک ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی
دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ پر مہم جوئی کے دوران ایک امریکی کوہ پیما کی موت واقع ہو گئی ہے۔ 
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 69 سالہ کوہ پیما جانتھن شوگرمین 6 ہزار 400 میٹر کی بلندی پر واقع کیمپ ٹو میں موجود تھے جہاں وہ طبیعت ناساز ہونے کے باعث چل بسے۔
مہم جوئی کے دوران انتظامات کرنے والی بیول نامی ایڈوینچر کمپنی کا کہنا ہے کہ کوہ پیما کی میت کو واپس لانے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، تاہم موسم کی خرابی کے باعث رکاوٹوں کا سامنا ہے۔
رواں سیزن میں ماؤنٹ ایورسٹ پر کسی غیر ملکی کوہ پیما کی یہ پہلی ہلاکت ہے۔
گزشتہ ماہ دنیا کی اس بلند ترین چوٹی پر مہم جوئی کے سیزن کا باقاعدہ آغاز ہوتے ہی ایک حادثہ پیش آ گیا تھا جس میں نیپال سے تعلق رکھنے والے تین مقامی کوہ پیما ہلاک ہوئے تھے۔
تینوں کو پیما ماؤنٹ ایورسٹ پر انتہائی خطرناک ’کھمبو آئس فال‘ کے مقام سے گزر رہے تھے جب گہری کھائی میں جا گرے۔
نیپال رواں سیزن کے لیے غیر ملکی کوہ پیماؤں کو 466 پرمٹ جاری کر چکا ہے جبکہ ان کی رہنمائی کے لیے مقامی شرپے بھی ہمراہ ہوں گے، جس کا مطلب ہے کہ جون تک 900 سے زیادہ افراد سر کرنے کی کوشش میں دنیا کی بلند ترین چوٹی پر چڑھیں گے۔
اتنی بڑی تعداد میں پرمٹ جاری کرنے پر خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ اس سیزن میں بھی ماؤنٹ ایورسٹ پر کوہ پیماؤں کا ہجوم لگ جائے گا جو حادثات پیش آنے کی ایک وجہ ہو سکتی ہے۔
دنیا کی اس بلند ترین چوٹی پر ہر سال اوسطاً پانچ کوہ پیما کوئی نہ کوئی حادثہ پیش آنے سے ہلاک ہوتے ہیں۔
لیکن 2019 میں 11 افراد کی موت واقع ہوئی تھی جن میں سے چار اموات کی وجہ ہجوم بتائی بتائی جاتی ہے۔
دنیا کی دس بلند ترین چوٹیوں میں سے 8 نیپال میں واقع ہیں جہاں ہر سال موسمِ بہار کے ساتھ ہی کوہ پیمائی کا بھی آغاز ہو جاتا ہے۔

شیئر: