جنگ زدہ سوڈان سے ایک ہزار پاکستانیوں کا انخلا مکمل: وزارت خارجہ
سعودی عرب کے تعاون سے سوڈان سے غیرملکی شہریوں کا انخلا ہو رہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ جنگ زدہ سوڈان سے ایک ہزار پاکستانیوں کا انخلا کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے۔
منگل کو وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ خرطوم میں پاکستانی سفیر، سعودی عرب اور چین کے تعاون سے آپریشن مکمل ہو گیا ہے۔
بیان کے مطابق ’اس کے ساتھ ہی سوڈان سے ہمارا انخلا کا آپریشن مکمل ہو گیا ہے تاہم اب بھی کچھ لوگ جدہ میں موجود ہیں جن کی واپسی کا عمل جاری ہے۔‘
ریاض میں موجود غیر ملکی سفیروں نے سوڈان سے غیر ملکی شہریوں کے انخلاء کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب نے آسٹریلیا، ہندوستان، امریکہ، سربیا، پولینڈ اور جرمنی سمیت 80 ممالک کے چار ہزار 879 افراد کو خرطوم سے نکالنے کے لیے اپنی کوششوں کا دائرہ وسیع کر دیا۔