چارکیٹگری کے پیکیجز متعارف کرائے گئے ہیں سب سے سستا750 درھم کا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
ابوظبی محکمہ صحت نے معمرافراد کے لیے سالانہ 750 درہم میں میڈیکل انشورنس پیکیج متعارف کرادیا۔
الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی میں مقیم غیرملکیوں کی جانب سے درخواست کی گئی تھی کہ انشورنس کمپنیاں 60 برس اوراس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے میڈیکل انشورنس پیکیج جاری کرنے کے سلسلے میں پریشان کررہی ہیں۔
میڈیکل انشورنس پیکیج کے لیے بڑی رقم طلب کی جارہی ہیں۔ پیکیج سے مختلف نوعیت کےپیچیدہ طبی آپریشن خارج کردیتی ہیں۔
ابوظبی میں مقیم غیرملکیوں نے مطالبہ کیا تھا کہ میڈیکل انشورنس کمپنیوں کو سستے پیکیج جاری کرنے پر آمادہ کیا جائے۔ پیکیج ایسے ہوں جنہیں معمولی آمدنی والے بھی برداشت کرسکیں یا خاندانوں کی آمدنی سے مطابقت رکھتے ہوں۔
محمد صدیق، فراس علی، ساھر الجندی اور ھالۃ ابراہیم ان مقیم غیرملکیوں میں شامل ہیں جنہوں نے مذکورہ مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے60 اور70 برس کی درمیان عمر کے اپنے رشتہ داروں کے لیے میڈیکل انشورنس پیکیج حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔
اس سلسلے میں متعدد کمپنیوں سے رجوع کیا مگرکہیں کامیابی نہیں۔ سب سے سستا پیکیج 8 ہزار درہم کا بتایا گیا جبکہ اس میں کئی بیماریوں کا علاج اورآپریشنوں کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔
اسی کے ساتھ انشورنس کمپنی نے پیکیج جاری کرتے وقت یہ پابندی بھی لگا رکھی ہے کہ 30 فیصد فیس اور دواؤں کی 30 فیصد قیمت بھی ہمیں ادا کرنا ہوگی۔
انشورنس کمپنیوں کے نمائندوں کی جانب سے اپنے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا کہ میڈیکل انشورنس پیکیج میں کئی چیزیں اہم ہوتی ہیں۔ عمر، مریضوں کا ریکارڈ، صحت سہولیات، میڈیکل نیٹ ورک، علاج کے اخراجات میں شراکت کی شرح، کوریج کا دائرہ کار وغیرہ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیکل انشورنس پیکیج کی طرف سے رقم ماہرین کی جانب سے متعین کی جاتی ہے وہ پیشہ ورانہ بنیاد پر رقم متعین کرتے ہیں۔
ابوظبی محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ابوظبی میں مقیم معمر افراد کے لیے انشورنس کمپنیاں جو میڈیکل پیکیج جاری کررہی ہیں وہ کئی طرح کے ہیں۔
چار قسم کے میڈیکل انشورنس پیکیج پیش کیے جارہے ہیں۔ سب سے سستا پیکیج 750درہم کا ہے۔ اس کا اہتمام حال ہی میں کرایا گیا ہے۔