سال 2022 کے دوران مملکت میں انٹرنیٹ کے استعمال میں اضافہ
مملکت میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی شرح 94 فیصد سے تجاوز کر گئی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
سعودی محکمہ شماریات نے کہا ہے کہ 2022 کے دوران مملکت میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی شرح 94.3 فیصد تک پہنچ گئی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق محکمہ شماریات نے 2022 کے دوران افراد اور خاندانوں کے درمیان انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے استعمال اور رسائی کے حوالے سے جاری رپورٹ میں کہا ہے کہ 15 برس اوراس سے زیادہ عمر کے افراد میں انٹرنیٹ کے استعمال کا تناسب2021 کے مقابلے میں 1.4 فیصد اضافہ ہوا جو بڑھ کر 94.3 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے سعودی شہریوں کا تناسب 93.6 فیصد اور غیرملکیوں کا تناسب 95.2 فیصد ہو گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ انٹرنیٹ تک رسائی رکھنے والے خاندانوں کا تناسب 96.5 فیصد اور کمپیوٹر رکھنے والے خاندانوں کا تناسب 57.4 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ 2022 کے دوران کمپیوٹر استعمال کرنے والے 15 برس اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کا تناسب 49.3 فیصد ہے۔ ان میں 55.1 فیصد سعودی اور 40.08 فیصد غیرملکی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2022 کے دوران موبائل رکھنے والے 15 برس اور اس سے زیادہ عمر کے افراد کی شرح 97.7 فیصد ریکارڈ کی گئی۔