چھ ماہ کےلیے انٹرنیٹ کا استعمال بند، فراڈ کیس میں دبئی کورٹ کی انوکھی سزا
ملزمان کو ایک ماہ قید، 44 ہزار درہم جرمانے اور بے دخلی کی سزا بھی دی گئی( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کی ایک عدالت نے دھوکہ دہی کے ایک مقدمے میں دو افریقی شہریوں کو ایک ماہ قید، 44 ہزار درہم جرمانے اور ملک سے بے دخلی کے ساتھ چھ ماہ انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی کی انوکھی سزا سنائی ہے۔
امارات الیوم کے مطابق ایک خلیجی شہری نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ اس نے ایک آن لائن شاپنگ سائٹ پرموٹر سائیکل کےلیے اشتہار دیا۔ ایک شخص نے رابطہ کرکے پیش کش کی کہ مطلوبہ موٹر سائیکل 22 ہزار درہم میں دستیاب ہے۔
سودا ہونے پر افریقی شہری مختلف بہانوں سے موٹر سائیکل کی قیمت دگنی کردی اور بینک اکاونٹ میں رقم طلب کرتا رہا۔ خلیجی شہری نے بینک اکاونٹ کے ذریعے اسے 44 ہزار درہم کی ادائیگی کی۔
بعد ازاں شپنگ فیس کے نام پرمزید پانچ ہزاردرہم طلب کیے گئے جس پر خلیجی شہری کو شبہ ہوا کہ وہ دھوکہ بازوں کے جال میں پھنس گیا ہے۔
پبک پراسیکیوشن میں ملزم نے بیان میں کہا کہ خلیجی شہری کا دعوی درست ہے, اس کے ایک دوست نے انٹرنیٹ پر اشتہار دیکھ کر خلیجی شہری سے واٹس ایپ پر رابطہ کرکے رقم ہتھیانے کا منصوبہ بنایا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ میرا کام اکاونٹ میں آنے والی رقم نکال کر دوست کے حوالے کرنا تھا جس پرکمیشن ملتا تھا۔
پولیس دھوکہ دہی میں ملوث دوسرے ملزم کو تلاش کررہی ہے۔ عدالت نے ملزم کی عدم موجودگی میں سزا سنائی۔