روڈ ٹو مکہ: ’اسلام آباد میں سعودی امیگریشن کے کاؤنٹرز 8 مئی تک مکمل ہوں گے‘
پاکستان میں روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ پر کام کرنے والی کمپنی انباکس کے سی ای او نے وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود سے ملاقات کی اور پراجیکٹ پر بریفنگ دی۔
جمعرات کے روز ملاقات میں انہوں نے بتایا کہ ’اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک ٹرمینل سعودی امیگریشن اور کسٹم حکام کے لیے مختص کیا جائے گا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ٹرمینل پر سعودی امیگریشن کے کاؤنٹرز 8 مئی تک مکمل کیے جائیں گے۔‘
اس موقع پر وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ’میں خود سعودی سفیر کے ہمراہ سعودی امیگریشن ٹرمینل کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لوں گا۔‘
’روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے ذریعے پاکستانی عازمین کے کسٹم اور امیگریشن کا مرحلہ پاکستان میں ہی مکمل ہو جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پروجیکٹ میں شامل حجاج کو سعودی ایئرپورٹس پر کسٹم اور امیگریشن سے استثنیٰ ہو گا۔‘
سینیٹر طلحہ محمود نے بتایا کہ ’عازمین حج مختصر وقت میں سعودی ایئرپورٹس سے اپنی رہائش گاہوں کی طرف روانہ ہو جائیں گے۔‘