رانا ثنا اللہ کا سعودی سفارت خانے کا دورہ، ’روڈ ٹو مکہ‘ کو جلد حتمی شکل دینے پر اتفاق
رانا ثنا اللہ اور سعودی سفیرنواف بن سعید المالکی کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: وزارت داخلہ)
پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پیر کو اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے رانا ثنا اللہ کا استقبال کیا اور بعدازاں تفصیلی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ’روڈ ٹو مکہ‘ پراجیکٹ کے معاہدے سے متعلق پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا اور معاہدے کو حتمی شکل دے کر اسے مکمل طور پر فعال کرنے پر اتفاق کا اظہار کیا گیا۔
سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ اس معاہدے پر دستخط کرنے کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
اس پراجیکٹ کے تحت حجاج کو آسان اور بلا روک ٹوک ایمیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
اس منصوبے کا جلد بڑے شہروں سے آغاز کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے استفسار پر سعودی سفیر کی جانب سے سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی جلد رہائی کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔
اس موقع پر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین تاریخی، دیرینہ اوربرادرانہ تعلقات ہیں۔
’پاکستان کے عوام خادمین حرمین شریفین سے خاص عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔‘
وزیر داخلہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی سفیر کی کاوشوں کو سراہا۔