Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

افغانستان زعفران مشرق وسطٰی برآمد کرنے کے لیے کوشاں

افغانستان کے زعفران کو ذائقے اور خوشبو کے اعتبار سے دنیا کا بہترین زعفران مانا جاتا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
افغانستان دنیا کے مہنگے ترین مصالحے زعفران کو مشرق وسطٰی برآمد کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
زعفران کو ’لال سونا‘ کہا جاتا ہے اور اسے ایشیا اور مشرق وسطٰی میں چاؤل، سمندری خوراک، گوشت اور کئی میٹھی ڈشز میں رنگ اور ذائقہ پیدا کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق گذشتہ دو دہائیوں سے افغانستان کے زعفران کو ذائقے اور خوشبو کے اعتبار سے دنیا کا بہترین زعفران مانا جاتا ہے۔
افغان زعفران کی قیمت ایک ہزار ڈالر فی کلو ہے اور یہ ایران اور سپین میں پائے جانے والے زعفران سے کم ہے۔
افغانستان کی صنعت و تجارت کی وزارت کے ترجمان عبدالسلام نے کہا کہ ’کوالٹی میں عمدہ ہونے کی وجہ سے بہت سے ممالک افغان زعفران کو درآمد کرنا چاہتے ہیں۔ اس کی زیادہ تر طلب عرب اور مغربی ممالک میں ہے۔‘
وزارت کے ڈیٹا کے مطابق گذشتہ برس افغانستان نے 51 ہزار کلو سے زائد زعفران فروخت کیا۔ اگرچہ زیادہ تر زعفران براہ راست انڈیا برآمد کیا گیا جبکہ خطے سے باہر اسے سعودی عرب اور یو اے ای بھیجا گیا جہاں سمجھا جاتا ہے کہ کوالٹی اور قیمت کے لحاظ سے اس کی مارکیٹ بڑھنے کی مواقع زیادہ ہیں۔
افغانستان کی وزارتِ صنعت و تجارت اور کسان پراُمید ہیں کہ خزاں میں فصل کی کاشت کے بعد اس کی برآمد میں اضافہ ہو گا۔
ترجمان نے کہا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ رواں برس ہرات، نمروز اور بدغیز میں اس کی کاشت بڑھے گی۔ ہمیں یہ رپورٹ بھی ملی ہے گھور اور ہلمند میں زعفران کی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔‘
کابل میں شاہانہ افغان زعفران کے ڈائریکٹر حاجی ہمت کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب اور یو اے ای میں زعفران کا استعمال بہت زیادہ ہے۔ ہمیں اُمید ہے کہ مستقبل قریب میں ان ممالک میں زعفران کی برآمد میں اضافہ ہو گا۔‘

حاجی ہمت نے کہا کہ ’خلیجی ممالک میں بہت سے سرمایہ کار اپنے اپنے ممالک میں افغان زعفران کی مارکیٹ بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)

افغانستان میں اعلٰی درجے کا زعفران پید ہونے کے باوجود طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد مغربی ممالک کی طرف سے لگائی جانے والی پابندیوں کے باعث زعفران کی خلیجی ممالک کے لیے ایکسپورٹ متاثر ہو سکتی ہے۔
حاجی ہمت نے کہا کہ ’خلیجی ممالک میں بہت سے سرمایہ کار اپنے اپنے ممالک میں افغان زعفران کی مارکیٹ بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ افغانستان پر حالیہ پابندیوں کی وجہ سے زعفران کی برآمد متاثر ہوئی ہے۔ افغانستان کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ زعفران پیدا کر سکتا ہے۔‘

شیئر: