Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تارکین اور شہری ”90روزہ مہم“ کامیاب بنائیں، الغامدی

ادارہ امن عامہ اور دیگر اداروں پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس، بااثر قبائل کے نمائندوں کی شرکت، مہم کا جائزہ، شمیسی ڈیپورٹیشن سینٹر کا دورہ، سہولتوں کیلئے تجاویز
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ادارہ امن عامہ اور دیگر اداروں پر مشتمل کمیٹی نے مملکت میں جاری غیر قانونی تارکین وطن کے حوالے سے مہم کا جائزہ لیا ۔ کمیٹی کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل ادارہ امن عامہ کے مشیر خاص میجر جنرل جمعان بن احمد الغامدی نے کی ۔ مکہ مکرمہ پولیس کے ترجمان کرنل ڈاکٹر عاطی القرشی نے بتایا کہ کمیٹی میں ادارہ امن عامہ کے افسران کے علاوہ وزارت مالیات اور ایوان صنعت و تجارت کے اہم عہدیدار بھی شامل تھے ۔ کمیٹی نے شمیسی ڈیپورٹیشن سینٹر کا دورہ بھی کیا جہاں غیر قانونی تارکین وطن کے امور نمٹائے جاتے ہیں ۔ کمیٹی نے شمیسی سینٹر میں فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا اور مختلف امور کا جائزہ لے کر اپنی تجاویز سے بھی آگاہ کیا ۔ کمیٹی میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ" غیر قانونی تارکین سے خالی وطن" مہم سے کس طرح زیادہ سے زیادہ تارکین مستفیض ہو سکیں ۔ اجلاس میں علاقے کے بااثر قبائل کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ جنرل الغامدی نے اس بات پر زور دیا کہ" غیر قانونی تارکین سے خالی وطن" مہم میں مقامی اور مقیم غیر ملکیوں سمیت سب کو اپنا اپنا حصہ شامل کرنا ہے تاکہ اس کے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ مملکت میں مقیم غیر قانونی تارکین 90 روزہ مہلت سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں فائدہ اٹھائیں تاکہ وہ جرمانوں اور سزاﺅں سے بچ سکیں ۔ جنرل غامدی نے شہریوں کے بارے میں زور دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی تارکین کو پنا ہ دینا اور انہیں سفر کی سہولت فراہم کرنا بھی جرم ہے اس لئے ایسے افراد کو کسی صورت بھی روز گار اور رہائش فراہم نہ کی جائے ۔ مملکت میں مقیم وہ غیر ملکی جو قانونی طور پر رہائش پذیر ہیں انہیں بھی چاہئے کہ وہ کسی بھی حالت میںغیر قانونی طور پر مقیم افراد کے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہ کریں تاکہ وہ کسی مشکل میں مبتلا نہ ہوں ۔ غیر قانونی تارکین ملکی معیشت اور امن عامہ کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں ۔ مملکت میں قانونی طور پر مقیم تارکین وطن مقامی قوانین کا خیال رکھیں اور اس امر کو یقینی بنائیں کہ شاہی مہلت کے دوران اپنے ان ساتھیوں کی اس حوالے سے مدد کریں کہ وہ مہلت کے دن ختم ہونے سے قبل اپنے ملکوں کو روانہ ہو جائیں ۔ اجلا س میں مکہ مکرمہ ریجن کے ڈائریکٹر امن عامہ میجر جنرل سعید بن سالم القرنی نے بتایا کہ ادارے کی جانب سے غیر قانونی تارکین کے معاملات کو نمٹانے کےلئے بہتر طور پر کام کیا جارہا ہے ۔ اجلاس میں مہلت کے دوران پیش کی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا ۔ 

شیئر: