مکہ کے محلے الکدوۃ میں انہدام سے قبل اور بعد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل
یہ علاقہ چھ کروڑ 86 لاکھ 5 ہزار 608 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔ ( فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں مکہ کے مرکزی محلے الکدوۃ کی انہدام سے قبل اور بعد کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی فوٹو گرافر محمد البستانی نے الکدوۃ محلے کے انہدام سے قبل غیر منظم عمارتوں کی تصاویر بنائی تھیں اور انہدام کے بعد کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
سعودی فوٹو گرافر نے بتایا کہ ’انہوں نے ایک اونچے مقام سے تصاویر لی ہیں تاکہ کدوۃ محلے کے وسیع و عریض رقبے اور اسے جدید خطوط پر استوار کیے جانے والے کام کا اندازہ لگایا جا سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’انہدام سے قبل اور اس کے بعد کی تصاویر میں ڈھائی مہینے کا فرق ہے۔‘
محمد البستانی کے مطابق ’وہ دس برس سے مکہ مکرمہ شہر کو جدید خطوط پر استوار کی جانے والی سرکاری کاوشوں کے عینی شاہد ہیں۔ بے شمار تصاویر کا انتخاب ہے جسے دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ مکہ میں تعمیراتی عمل کی رفتار کیا ہے۔‘
یاد رہے کہ مکہ اور مشاعر مقدسہ رائل کمیشن المسفللہ محلے کے الکدوۃ علاقے میں انہدام کی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔ یہ چھ کروڑ 86 لاکھ 5 ہزار 608 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔
پروگرام کے مطابق مکہ کی کچی بستیوں کو بہترین منصوبہ بندی کے ذریعے پرکشش عصری شہر کا حصہ بنایا جائے گا۔