یمن میں تمام فریق جنگ بندی کے لیے سنجیدہ ہیں، سعودی سفیر
امید ہے کہ اہل یمن جلد ہی بحران کے حل کا کوئی راستہ نکال لیں گے(فوٹو، ٹوئٹر)
یمن میں متعین سعودی سفیر محمد آل جابر نے کہا ہے کہ جنگ بندی ختم کرانے کے سلسلے میں یمن کے تمام فریق سنجیدہ ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق آل جابر نے مزید کہا کہ ’یمن میں جنگ بند کرانے کے لیے حوثیوں اور یمنی حکومت کے درمیان براہ راست مذاکرات کرانے کا اقوام متحدہ کا مشن جاری ہے‘۔
اس حوالے سے آل جابر کا کہنا تھا کہ ’فریقین کے درمیان براہ راست مذاکرات کی تاریخ کے بارے میں قیاس آرائی کرنا مشکل ہے۔ ابھی یہ نہیں کہا جاسکتا کہ مذاکرات سے حقیقی راستہ نکلے گا۔ وجہ یہ ہے کہ یمنی حکومت کے رہنما اور حوثی ایک ساتھ بیٹھنے پر راضی نہیں‘۔
سعودی سفیر نے کہا کہ ’فی الوقت کوئی چیز واضح نہیں ہے تاہم میں پرامید ہوں مجھے اللہ کی ذات پر بھروسہ ہے کہ اہل یمن جلد از جلد بحران حل کرنے کا کوئی راستہ نکال لیں گے‘۔
آل جابر نے توجہ دلائی کہ ’یمن کے تمام فریقوں کے ساتھ اپنے تعلقات کے پیش نظر سعودی عرب نے تمام فریقوں کو میز پر لانے اور تمام مسائل پر گفت و شنید شروع کرنے پر آمادہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے تاہم فیصلہ آخر کار اہل یمن کو ہی کرنا ہے۔ فی الوقت دونوں فریق مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کے لیے تیار نہیں‘۔
اس سے قبل یمنی صدر رشاد العلیمی نے کہا تھا کہ ’سعودی عرب کا کردار یمنی حکومت اور حوثیوں کے درمیان ثالث کا ہے‘۔