اسلامی ترقیاتی بینک کا افغانستان میں سات منصوبوں کےلیے فنڈز کی فراہمی پر اتفاق
اسلامی ترقیاتی بینک کا افغانستان میں سات منصوبوں کےلیے فنڈز کی فراہمی پر اتفاق
ہفتہ 13 مئی 2023 21:18
جدہ میں بینک گورنرز کے سالانہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے ( فوٹو: عرب نیوز)
اسلامی ترقیاتی بینک( آئی ڈی پی) نے افغانستان ہیومینٹرین ٹرسٹ فنڈ کے تحت سات نئی ویلفیئر سکیموں کے لیے فنڈز کی فراہمی پر اتفاق کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ فیصلہ سنیچر کو جدہ میں بینک کے گورنرز، اس کے رکن ممالک کے وزرا اور وفود کے سالانہ اجلاس میں کیا گیا ہے۔
یہ منصوبے افغانستان کے دور دراز علاقوں میں بچوں اور ان کی ماوں کی غذائیت اور ہیلتھ کیئرخدمات کو بہتر بنانے کےلیے ہیں۔
اس کے ساتھ شمسی نظام سے چلنے والے پانی کے نظام کے ذریعے ہیضے جیسی پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں سے بھی نمٹا جائے گا۔
دو ملین ڈالر کے دو منصوبوں پر یونیسیف کے ساتھ دستخط کیے گئے۔ یہ منصوبے افغان صوبے قندھار اور دیگر دیہی علاقوں میں دسیوں ہزار کمزور بچوں کو زندگی بچانے والی غذائی خدمات اور صاف پانی فراہم کرنے میں مدد کریں گے۔
افغانستان میں 13 ہزار سے زیادہ افراد کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کے لیے دو ملین ڈالر مالیت کے تیسرے منصوبے پر انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کے ساتھ دستخط کیے گئے ہیں۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر اور گروپ کے چیئرمین محمد الجاسر نے کہا کہ ’ان معاہدوں پر دستخط انتہائی موثر اور باہمی تعاون کے ساتھ ٹیم کوششوں کا ثبوت ہے‘۔
انہوں نے شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات کے ذریعے 30 ملین ڈالر کی شراکت پر سعودی عرب جبکہ دنیا بھر میں وسائل کو متحرک کرنے کےلیے اسلامی تعاون تنظیم( او آئی سی) الجزائر، کویت، ملائیشیا اور ترکی کی حکومتوں کی کاوشوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔