سعودی عرب میں موسم گرما کا آغاز بارہ دن بعد
منگل سے سنیچر تک دارالحکومت ریاض میں بارش کا امکان ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے تجزیہ کار عقیل العقیل نے کہا ہے کہ مملکت میں موسم گرما بارہ دن بعد شروع ہوجائے گا۔
الاخباریہ چینل سے گفتگو میں عقیل العقیل نے کہا کہ منگل سے سنیچر تک دارالحکومت ریاض میں بارش کا امکان ہے۔ گھنے بادل ریاض پر چھائے رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عسیر ریجن کے پہاڑوں اورمشرقی علاقوں میں خاص طور پر بارش متوقع ہے۔
عقیل العقیل نے کہا کہ’ رواں ہفتے کے آخر میں القصیم ریجن اور حائل کے بعض علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ گھنے بادل چھائے رہیں گے۔ مملکت کے شمال مشرقی ساحل بھی بارش کی زد میں ہوں گے‘۔
’مملکت کے مشرقی ساحل پر واقع شہروں میں گرد آلود تیز ہوائیں چلیں گی ان کی فی گھنٹہ رفتار پچاس کلو میٹر سے زیادہ ہوگی۔ گردو غبار سے حد نظر محدود رہے گی‘۔