کانز فلم فیسٹیول: سعودی ستاروں اور عرب ڈیزائنرز نے میلہ لوٹ لیا
سعودی ماڈل امیرہ الزہیر کانز فلم فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے موقعے پر لبنانی ڈیزائنر رمی کادی کا گلابی رنگ کا گاؤن پہنے ہوئی نظر آئیں۔
عرب نیوز کے مطابق امیرہ الزہیر پیرس میں پیدا ہوئی تھیں۔ ان کی والدہ فرانسیسی اور والد سعودی شہری ہیں۔
76ویں کانز فلم فیسٹیول میں ماڈل امیرہ الزہیر نے کارسیٹ سٹائل کا گاؤن زیب تن کیا تھا۔
انہوں نے فلم ’جین ڈو بیری‘ فلم کے پریمیئر میں بھی شرکت کی جو ہتک عزت کے مقدمے کے بعد اداکار جونی ڈیپ کی پہلی بڑی فلم ہے۔
سعودی عرب کے ریڈ سی انٹرنیشنل فلم نے اس فلم کی مشترکہ پروڈکشن کی ہے۔
ماڈل امیرہ الزہیر نے انسٹاگرام پر لکھا کہ فرانس کے ساتھ ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کی یہ پہلی مشترکہ پروڈکشن والی فلم ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایک فرانسیسی اور سعودی خاتون کے طور پر اس خاص لمحے کو دیکھنے پر ان کو بہت فخر ہے۔‘
افتتاحی تقریب میں جونی ڈیپ فینز کو آٹو گراف دیتے ان کے ساتھ تصاویر لیتے ہوئے نظر آئے۔
فرینچ ریویرا میں فینز نے ’مبارک ہو جونی‘ اور ’ہمیں افسوس ہے‘ کے پوسٹر پکڑے تھے۔
عالمی شہرت یافتہ ستارے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کر رہے ہیں۔
زیٹا جونز اور ان کی بیٹی کیرس نے لبنانی ڈیزائنر علی صاب کے گاؤنز پہنے تھے۔
برازیلی اداکارہ الیسندرا ایمبروسیو نے بھی علی ساب کا ڈیزائن کردہ گاؤن پہنا تھا۔
سعودی ڈیزائنر ہنیدہ صیرفی نے گلابی رنگ کا گاؤن زیب تن کیا تھا۔ اس کے ساتھ انہوں نے سوئس شوپا کے زیورات بھی پہنے تھے۔