سوڈان کی صورتحال سے متعلق جدہ میں عرب رابطہ گروپ کا اجلاس
سوڈانی شہریوں کے تحفظ پر مشتمل اعلان جدہ کے اہم نکات کا جائزہ لیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بدھ کو جدہ میں سوڈان کی تازہ صورتحال سے متعلق عرب رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کی ہے۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں مصری وزیر خارجہ سامح شکری اورعرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابو الغیط بھی موجود تھے۔ سوڈانی شہریوں کے تحفظ پر مشتمل اعلان جدہ کے اہم نکات کا جائزہ لیا گیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان کا کہنا تھا کہ ’سوڈان کے متحارب فریقوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کو قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش لازم ہے‘۔
انہوں نے فریقین پرزور دیا کہ ’وہ مکالمے میں سنجیدگی سے حصہ لیں تاکہ سوڈانی بھائیوں کے مصائب کم ہوں اور سوڈانی اتحاد و سالمیت کو یقینی بنایا جاسکے‘۔
سعودی وزیر خارجہ اور اجلاس کے دیگر شرکا نے سوڈانی فریقوں کے ساتھ عرب رابطہ گروپ کی کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔
اجلاس میں اپیل کی گئی کہ ’تمام سوڈانی فریق سوڈان کے اعلی مفادات کو اوپر رکھیں۔ حکمت کی بات سنیں، امن و استحکام و ترقی کےحوالے سے سوڈانیوں کی امنگوں کی تکمیل کو یقینی بنانے والے حل تک رسائی حاصل کریں‘۔