Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی جانب سے سوڈان کے متحارب فریقوں میں معاہدے کا خیر مقدم

معاہدے کے لیے سعودی عرب اور امریکہ کی کاوشیں قابل قدر ہیں ( فائل: فوٹو وام)
متحدہ عرب امارات نے سوڈان میں شہریوں کے تحفظ سے متعلق سوڈان کی مسلح افواج (ایس اے ایف) اور اس کے مخالف فریق ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے درمیان سعودی عرب اور امریکہ کی سرپرستی میں ہونے والے معاہدے کا خیر مقدم کیا ہے۔ 
متحدہ عرب امارات کے دفتر خارجہ نے جمعے کو بیان میں کہا کہ ’سعودی عرب اور امریکہ نے  معاہدہ کرانے کے لیے جو کاوشیں کی ہیں وہ قابل قدر ہیں‘۔ 
معاہدے کے تحت فریقین دس روزہ جنگ بندی پر متفق ہوئے ہیں۔ اس دوران انسانی امداد کی ترسیل محفوظ طریقے سے ہوگی۔
یہ معاہدہ فریقین کے درمیان بحران کے خاتمے  اور سوڈانی عوام کو مزید مصائب سے بچانے کی راہ ہموار کرے گا۔
عرب نیوز کے مطابق جمعرات کو جدہ میں مذاکرات کے بعد سوڈان کی مسلح افواج (ایس اے ایف) اور اس کے مخالف فریق ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) نے ایک معاہدہ پر دستخط کیے تھے
جس کے تحت فریقین عالمی انسانی امداد کے قانون کے عمل کے لیے سہولت فراہم کریں گے تاکہ عام شہریوں کی ضروریات ان تک پہنچائی جاسکیں۔
معاہدے کو ’سوڈانی شہریوں کے تحفظ کے عزم کا جدہ ڈیکلریشن‘ کا نام دیا گیا ہے جس کو سعودی عرب کے سرکاری میڈیا نے رپورٹ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ دونوں فریقوں نے بات چیت کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھانے پر اتفاق کیا ہے تاکہ ’مختصر مدت کی جنگ بندی کے ذریعے ضروری اشیا اور ہنگامی امداد پہنچائی جا سکے۔‘
اس بات چیت کے لیے سعودی عرب سہولت فراہم کر رہا ہے جبکہ امریکہ اور اقوام متحدہ اس میں شریک ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعے کو کہا کہ مذاکرات ہوئے اور شہریوں کے تحفظ کے عزم کا اعلان صرف پہلا قدم ہے۔
شہزادہ فرحان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’دیگر اقدامات کی پیروی کی جائے گی، اور سب سے اہم بات اس پر عمل کرنا ہے جس پر اتفاق کیا گیا تھا۔ اُن کا ملک سوڈان اور اس کے عوام کی سلامتی اور استحکام کی واپسی تک کام کرے گا۔‘

شیئر: