سعودی طلبہ کی سائنس اور انجینیئرنگ ٹیم نے 27 انعامات جیت لیے
سعودی طلبہ کی سائنس اور انجینیئرنگ ٹیم نے 27 انعامات جیت لیے
ہفتہ 20 مئی 2023 22:27
35 طلبہ پر مشتمل سعودی سائنس اور انجینئرنگ ٹیم نے امریکی شہر ڈیلاس میں ریجنیرون انٹرنیشنل سائنس اور انجینئرنگ فیئر میں 23 بڑے اور چار خصوصی انعامات سمیت 27 انعامات جیتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عرب کی نمائندگی کنگ عبداللہ اور ان کے ساتھیوں کی فاؤنڈیشن فار گفٹڈنس اینڈ کریٹیویٹی موھبہ اورسعودی وزارت تعلیم نے کی۔
امریکہ میں 13 سے 19 مئی تک ہونے والے انٹرنیشنل سائنس اور انجینئرنگ ایونٹ میں 70 سے زائد ممالک کے ایک ہزار 800 افراد نے شرکت کی۔
سعودی ٹیم نے بڑے ایوارڈ میں پہلی پوزیشن کے دو انعامات، دوسری پوزیشن کے سات انعامات، تیسری پوزیشن کے سات انعامات اور چوتھی پوزیشن کے سات انعامات جیتے۔
سعودی طالب علم فیصل المحیش نے کیمسٹری میں اپنے پراجیکٹ ’میٹل آرگینک فریم ورک بیسڈ الیکٹرو کیٹیلسٹ انتہائی موثر اور کم لاگت والے سمندری پانی کی ہائیڈروجن کی پیداوار‘ کے لیے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
ایک اور سعودی طالب علم محمد العرفج نے ماحولیاتی انجینئرنگ میں پہلا انعام حاصل کیا۔
توانائی کے شعبے میں طیف الحدی، لطیفہ الغنام، بائیو میڈیسن اور ہیلتھ سائنسز میں زھرا آل شبر،کیمسٹری میں فاطمہ العرفج، وسام القرشی بائیو میڈیکل انجینئرنگ اور زمین اور ماحولیاتی علوم میں دیما مروحی نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
توانائی میں رتاج السلمی، فجر الخلیفی، عبوری طب میں فارس الیامی، ماحولیاتی انجینئرنگ میں ولیان نورولی، میٹریل سائنس میں عبیر الیوسف، لیان المالکی اور پلانٹ سائنسز میں نور الحماد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
انجینئرنگ ٹیکنالوجیز میں ماریہ قمصانی، روبوٹس اور سمارٹ ڈیوائسز میں بندر البراہیم، سماجی اور رویے کے علوم میں ھنادی عریف، ماحولیاتی علوم میں ماریا الغامدی، میٹریل سائنسز میں تھانی احمد، ارتھ میں وضی شجاع اور ماحولیاتی علوم اور پلانٹ سائنسز میں ویزن الفلیح نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
موھبہ کی سیکریٹری جنرل ڈاکٹر آمال بنت عبداللہ الھزاع نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو اس نئی قومی کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے سعودی وزارت تعلیم اور طلبہ کے ساتھ ساتھ ان کے اہل خانہ، سکولوں اور اساتذہ کو بھی مبارکباد دی۔
یہ 2007 کے بعد سے انٹرنیشنل سائنس اور انجینئرنگ فیئر میں مملکت کی مسلسل 17ویں شرکت ہے جو کہ وزارت تعلیم کے اشتراک سے موھبہ کی طرف سے منعقد کردہ سالانہ پروگرام کے حصے کے طور پر ہے۔
ٹیم کے اراکین کا انتخاب نیشنل اولمپیاڈ فار سائنٹیفک کریٹیوٹی ’ ابداع 2023 ‘ کے فاتحین میں سے کیا گیا جو مختلف پروگراموں میں سے ایک ہے جسے موھبہ ہونہار طلبہ کے لیے سالانہ پیش کرتا ہے۔
اس سال کی کامیابیوں نے انٹرنیشنل سائنس اور انجینئرنگ فیئر میں مملکت کے جیتنے والے مجموعی انعامات کی تعداد 133 تک بڑھا دی ہے۔ ان میں 92 گرینڈ ایوارڈز اور 41 خصوصی ایوارڈز شامل ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی طلبہ نے گزشتہ سال انٹرنیشنل سائنس اور انجینئرنگ فیئر میں 106 انعامات حاصل کیے تھے جن میں 69 گرینڈ ایوارڈز اور 37 خصوصی ایوارڈز شامل ہیں۔
سعودی ٹیم کے ارکان نے اس سال سعودی اور غیرملکی ٹرینرز سے ٹریننگ حاصل کی جن میں مختلف شعبوں میں ماہرین تعلیم، ماہرین اور ثالث شامل ہیں۔