Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سے حج پروازوں کا آغاز، پہلی فلائٹ مدینہ پہنچ گئی

پاکستان سے عازمین حج کی پہلی پرواز مدینہ پہنچ گئی ہے جہاں سعودی حکام سمیت پاکستان حج مشن کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پہلی خصوصی حج پرواز پی کے 773 کراچی سے اتوار کی صبح چار بج کر 50 منٹ پر 316 عازمین کو لے کر روانہ ہوئی تھی۔
مدینہ منورہ ایئر پورٹ پر سعودی وزارت حج و عمرہ کے حکام کے علاوہ پاکستان حج مشن کے حکام نے بھی عازمین کا خیر مقدم کیا اور خصوصی بسوں کے ذریعے ہوٹلوں میں منتقل کیا۔ 
 جبکہ لاہور سے سیرین ایئر ای آر 2921 کی پہلی حج پرواز اتوار کی صبح پانچ بجے 279 حجاج کو لے کر روانہ ہوئی تھی۔
کراچی ایئرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں موجودہ اور سابق ڈائریکٹر حج کراچی سول ایویشن اور دیگر حکام نے عازمین حج کو رخصت کیا۔
لاہور ایئر پورٹ پر منعقد ہونے والی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم کے اعزازی کوآرڈینیٹر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی علامہ شبیر احمد عثمانی نے بھی شرکت کی۔ 
فیصل آباد سے پی کے1341 کی پہلی حج پرواز 149 حجاج کو لے کر صبح 9 بج کر 20 منٹ پر بروانہ ہوئی تھی۔
عازمین کو رخصت کرنے کے لیے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے ہمراہ ڈائریکٹر ایف آئی اے اور ڈی سی فیصل آباد بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے۔ 
سول ایوی ایشن کے مطابق حج پروازوں کے لیے مختص ڈومیسٹک ڈیپارچر لاؤنج میں تمام ضروری انتظامات کیے گئے تھے۔

کراچی سے جانے والی پہلی حج پرواز میں 316 حجاج روانہ ہوئے ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب

رواں سال کراچی ایئر پورٹ سے 46 ہزار 249 حجاج حجاز مقدس جائیں گے جبکہ گزشتہ سال کراچی سے 24 ہزار 998 حجاج کرام سعودی عرب کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے جاری سرکاری سکیم کی حج پروازوں کے شیڈول کے مطابق سیالکوٹ سے پہلی پرواز 22 مئی، ملتان 23 مئی اور کوئٹہ سے 24 مئی کو روانہ ہو گی۔
رحیم یار خان سے پہلی حج پرواز 6 جون جبکہ سکھر سے 7 جون کو روانہ ہو گی جبکہ آخری حج پروازیں 20 جون کو روانہ ہو جائیں گی۔
وزارت مذہبی امور نے عازمینِ حج کو شیڈول کے مطابق حاجی کیمپ آنے کا کہا ہے جہاں وہ ویکسین لگوانے کے علاوہ ضروری ادویات کی پیکنگ  کروا سکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق تمام متعلقہ معلومات ویب سائٹ اور ایس ایم ایس کے ذریعے عازمین حج کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہیں۔
 پرواز سے 24 گھنٹے قبل پاسپورٹ، ٹکٹ، ویزہ، شناختی لاکٹ وغیرہ حاجی کیمپوں سے فراہم کیے جائیں گے۔
وزارت کے اشتراک سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے حاجی کیمپوں میں مفت کورونا ویکسین کاونٹر قائم کیے ہوئے ہیں۔

شیئر: