Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سرکاری سکیم کی حج پروازوں کا شیڈول جاری، پہلی پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی

حج ادائیگی کے بعد پروازوں کی واپسی کا سلسلہ 4 جولائی سے شروع ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی
وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری سکیم کی حج پروازوں کا شیڈول جاری کر دیا ہے، پہلی پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔
عازمینِ حج کو شیڈول کے مطابق حاجی کیمپ آنے کا کہا گیا ہے جہاں وہ ویکسین لگوانے کے علاوہ ضروری ادویات کی پیکنگ  کروا سکتے ہیں۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق تمام متعلقہ معلومات ویب سائٹ اور ایس ایم ایس کے ذریعے عازمین حج کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہیں۔
پہلی حج پرواز21 مئی کو اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے روانہ ہو گی جبکہ سیالکوٹ سے پہلی پرواز 22 مئی، ملتان 23 مئی اور کوئٹہ سے 24 مئی کو روانہ ہو گی۔
رحیم یار خان سے پہلی حج پرواز 6 جون جبکہ سکھر سے 7 جون کو روانہ ہو گی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق آخری حج پروازیں 20 جون کو روانہ ہو جائیں گی۔
حاجی کیمپوں میں گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو کی حفاظتی ویکسین لگانے کا آغاز 17 مئی سے ہو رہا ہے۔
وزارت کے اشتراک سے این سی او سی نے حاجی کیمپوں میں مفت کورونا ویکسین کاونٹر قائم کر دیے ہیں۔
ترجمان کے مطابق پرواز سے 24 گھنٹے قبل پاسپورٹ، ٹکٹ، ویزہ، شناختی لاکٹ وغیرہ حاجی کیمپوں سے فراہم کیے جائیں گے۔
حج کی ادائیگی کے بعد پروازوں کی واپسی کا سلسلہ 4 جولائی سے شروع ہو جائے گا۔

شیئر: