Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’جو چاہیں کر سکتے ہیں،‘ ٹانگوں سے معذور کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے میں کامیاب

ہری بدھا افغانستان میں حادثے کا شکار ہونے سے معذور ہو گئے تھے۔ فوٹو: ہری بدھا انسٹا
نیپال سے تعلق رکھنے والے کوہ پیما ہری بدھا ماگر دونوں ٹانگوں سے معذور ہونے کے باوجود دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سرکرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہری بدھا ماگر پہلے کوہ پیما ہیں جنہوں نے گھٹنوں کے اوپر تک ٹانگوں سے محروم ہوتے ہوئے بھی اپنے مشن کو مکمل کیا۔
ہری بدھا نے جمعے کی دوپہر نیپال کے مقامی وقت کے مطابق تین بجے ماؤنٹ ایورسٹ سر کی، وہ بیس کیممپ میں واپس آ گئے ہیں اور پیر کو کھٹمنڈو پہنچیں گے۔
43 سالہ نیپالی کوہ پیما افغانستان میں برطانوی افواج کے ہمراہ لڑتے ہوئے حادثے کا شکار ہو گئے تھے۔
 سال 2010 میں پٹرولنگ کے دوران ہری بدھا نے غیر ارادی طور پر دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد پر قدم رکھ دیا تھا جس کے پھٹنے سے وہ دونوں ٹانگوں سے معذور ہو گئے تھے۔
اس سے قبل چین اور نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے دو معذور افراد کامیابی کے ساتھ ماؤنٹ ایورسٹ سر کر چکے ہیں تاہم ہری بدھا کے برعکس ان دونوں کوہ پیماؤں کی ٹانگیں گھٹنے سے نیچے کٹی ہوئی تھیں۔   
ہری بدھا کو مصنوعی ٹانگیں لگائی گئی تھیں اور وہ کشتی رانی کے مقابلوں میں شرکت کے علاوہ یورپ میں کئی چوٹیاں سر کر چکے ہیں۔
نیپال کا قانون دونوں ہاتھوں یا پاؤں سے معذور اور نابینا افراد کو کوہ پیمائی سے روکتا ہے تاہم ہری بدھا اور دیگر کوہ پیماؤں کی جانب سے دباؤ ڈالنے پر عدالت نے اس قانون کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
ہری بدھا نے مہم جوئی سے قبل اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اگر آپ اپنی زندگی کو وقت اور حالات کے مطابق ڈھال سکتے ہیں تو ہم اپنی خواہش کے مطابق جو کرنا چاہیں کر سکتے ہیں۔‘
ہری بدھا کی زندگی کا مشن ان کے سلوگن ’نہ ٹانگیں ہیں اور نہ ہی کوئی حد‘ سے واضح ہو جاتا ہے جس کو آگے بڑھانے کے لیے وہ کام کر رہے ہیں۔
دنیا کی دس بلند ترین چوٹیوں میں سے آٹھ نیپال میں موجود ہیں جہاں ہر سال موسم بہار کے آغاز کے ساتھ ہی کوہ پیماؤں کا رش لگنا شروع ہو جاتا ہے۔
نیپالی محکمہ سیاحت کے مطابق رواں سیزن میں تقریباً 450 کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ سر کر چکے ہیں۔
اس سال نیپال نے غیر ملکی کوہ پیماؤں کو 478 پرمٹ جاری کیے ہیں جبکہ ایک پرمٹ کی فیس 11 ہزار ڈالر ہے۔
مہم جوئی کے دوران رواں سال نو کوہ پیما اپنی زندگیاں کھو چکے ہیں۔

شیئر: