Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسلام آباد سے پہلی حج پرواز روانہ، تمام عازمین ’روٹ ٹو مکہ‘ پروگرام سے مستفید

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پہلی حج پرواز 388 عازمین حج کو لے کر سعودی عرب روانہ ہوگئی۔ 
اسلام آباد ایئرپورٹ سے ججاج کو رحصت کرنے کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود، وفاقی وزیر نارکوٹکس شاہ زین بگٹی، سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
وفاقی وزیر طلحہ محمود اور سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے حجاج کو رخصت کیا۔ اسلام آباد ایئرپورٹ سے جانے والے تمام عازمین حج ’روٹ ٹو مکہ‘ پروگرام سے مستفید ہوئے۔
’روٹ ٹو مکہ‘ پروگرام کے تحت عازمین حج کی امیگریشن کے تمام مراحل اور قانونی تقاضے روانگی سے پہلے اسلام آباد ایئرپورٹ پرہی مکمل کر لیے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ ’آپ لوگ ایک مقدس سفر پر روانہ ہورہے ہیں، سعودی عرب میں پوری دنیا سے عازمین حج تشریف لارہے ہیں آپ ملک سے باہر پاکستان کے سفیر ہیں۔‘
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اور ان کی وزارت عازمین کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں ہمہ وقت مصروف ہے۔
طلحہ محمود نے سعودی حکومت اور سعودی سفیر کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جب بھی کوئی مشکل پیش آئی سعودی حکومت نے مکمل تعاون کیا۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے اپنے خطاب میں حجاج کو مبارکباد دی اور ان کے سفر حج کی بہتر تکمیل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا حجاج کے فنگر پرنٹس کے حوالے سے شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر سعودی وزارت داخلہ سے رابطہ کیا ہے کہ 60 سال سے زائد عمر کے لوگوں کے لیے نرمی برتی جائے تاکہ حجاج کو درپیش مشکل میں آسانی ہو۔

شیئر: