سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم خان کی بالی وڈ میں انٹری، ’یقین نہیں آ رہا‘
ابراہیم علی خان کی ڈیبیو فلم ’سرزمین‘ کی شوٹنگ مکمل ہو چکی ہے۔ فوٹو: انسٹا ابراہیم خان
بالی وڈ سٹار سیف علی خان کی بیٹی سارہ کے بعد اب صاحبزادے ابراہیم علی خان بھی اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سِلور سکرین پر نظر آئیں گے۔
ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق سارہ علی خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے بھائی ابراہیم نے اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ مکمل کر لی ہے اور اب بالی وڈ میں ڈیبیو کی تیاری پکڑ رہے ہیں۔
فلمی دنیا کے سب سے بڑے میلے کانز فلم فیسٹیول میں سارہ علی خان نے شرکت کے دوران ایک انٹرویو میں بتایا کہ ’ابراہیم نے حال ہی میں بطور اداکار اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ مکمل کی ہے، جس کا مجھے بالکل یقین نہیں ہو رہا۔‘
سارہ خان نے بتایا کہ جب بھی ان کے بھائی سکول سے واپس گھر آتے یا اب جب شوٹنگ سے آتے ہیں تو وہ اور ان کی والدہ بہت پیار سے ابراہیم کا استقبال کرتی ہیں۔
’تب مجھے احساس ہوا کہ میرا بھی میری ماں والا ہی دل ہے۔ کیونکہ ہم دونوں ابراہیم کے ساتھ ایک ہی جیسا پیش آتے ہیں۔‘
سارہ نے ابراہیم کی پہلی فلم پر اپنی والدہ کے ردعمل پر بات کرتے ہوئے کہا ’میرے خیال میں ہم دونوں ہی جذباتی ہیں اور سب سے زیادہ جذباتی ہم ابراہیم کے گھر آنے پر ہوتے ہیں۔‘
ابراہیم کی ڈیبیو فلم ’سرزمین‘ دراصل مالایالم زبان میں بنی ہوئی ایک کامیڈی فلم ہریدایم کا ریمیک ہے۔
اس سے قبل ابراہیم علی خان کرن جوہر کی آنے والی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔
دوسری جانب سارہ علی خان اپنی فلم ’ذرا ہٹ کہ ذرا بچ کے‘ کی ریلیز کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس میں ان کے ساتھ وکی کوشال ہیرو کے طور پر نظر آئیں گے۔
چند سال قبل جب ابراہیم علی خان کی تصاویر میڈیا پر شیئر ہوئی تھیں تو شائقین کی جانب سے بہت دلچسپ ردعمل سامنے آیا تھا۔
اکثر شائقین کا کہنا تھا کہ تصاویر دیکھ کر انہیں سیف علی خان کی جوانی یاد آ گئی ہے، تو کسی نے کہا کہ یہ تو سیف علی خان کی فوٹو کاپی ہیں۔
ابراہیم علی خان کو بھی اپنے والد کے ساتھ حیران کن مماثلت کا احساس ہے اور ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ بات انہیں اکثر سننے کو ملتی ہے۔
ہیلو میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں ابراہیم علی خان نے بتایا تھا کہ ان کا والد کے ساتھ خاص رشتہ ہے اور سیف ان کے رہبر بھی ہیں جبکہ بہن کے متعلق ان کا کہنا تھا کہ دونوں کے درمیان بہت ہی کم لڑائی ہوتی ہے اور اگر کبھی ہو بھی جائے تو انتہائی معمولی بات پر ہوگی۔