کترینہ کو طلاق دے کر کسی اور لڑکی سے شادی کے سوال پر وکی کوشل نے کیا کہا؟
وکی کوشل کا کہنا تھا کہ شام کو گھر بھی جانا ہے۔ ایسے ٹیڑھے میڑھے سوال پوچھ رہے ہو۔ (فوٹو: ٹویٹ)
بالی وُڈ کے اداکار وکی کوشل اپنی آنے والی فلم ’ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے‘ کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔
این ڈٰی ٹی وی کے مطابق پیر کے روز فلم کے ٹریلر کے لانچ کے موقع پر وکی کوشل نے میڈیا سے بات کی اور سوالات کے جوابات دیے۔
اسی دوران ایک صحافی نے ان سے دلچسپ سوال پوچھا جس کا اداکار نے دلچسپ جواب دیا۔
صحافی نے پوچھا کہ ’ہمارے ملک میں شادی جنم جنم کا بندھن ہے۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ یہ صحیح ہے یا آپ طلاق دے کر دوسری شادی کریں گے اگر کترینہ سے کوئی اچھی دلہن ملی تو؟‘
اس کے جواب میں 35 سالہ اداکار نے ہنستے ہوئے کہا کہ ’شام کو گھر بھی جانا ہے۔ ایسے ٹیڑھے میڑھے سوال پوچھ رہے ہو۔ بچہ ہوں، ابھی بڑا تو ہو لینے دو۔ کیسے جواب دوں میں اس کا۔ اتنے خطرناک سوال پوچھ رہے ہیں۔ سر، جنموں جنموں تک۔‘
اسی دوران انہوں نے اپنی اہلیہ کترینہ کیف کے ساتھ ہونے والا ایک مزیدار قصہ بھی سنایا۔
انہوں نے کہا کہ ’گھر پر فرنیچر کے بارے میں ہمارے درمیان بہت گفتگو ہوتی ہے۔ انہوں نے مجھے ایک بار بھیجی جسے وہ خریدنے کا سوچ رہی تھیں۔ میں وہ دیکھی اور سوچا یہ بہت مہنگی ہے، میں ہی ٹرے لے کر کھڑا ہوجاؤں گا، لیکن یہ نہیں آئے گا۔‘
دوسری جانب وکی کوشل کی نئی فلم ذرا ہٹ کے ذرا بچ کے دو جون سنیما گھروں میں ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی۔
ٹریلر کے مطابق فلم کی کہانی انڈیا کے شہر اندور میں رہنے والے کپل (وکی کوشل) اور سومیا (سارہ علی خان) کے گرد گھومتی ہے جو اپنی شادی کے ابتدائی دنوں میں بہت خوش رہتے ہیں۔ لیکن اس کے بعد ان کی زندگی میں ایک خوفناک موڑ آتا ہے اور بات طلاق تک پہنچ جاتی ہے۔
طنز، مزاح اور غصے میں ڈوبے دونوں کرداروں کو سکرین پر لڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فلم کی کاسٹ میں وکی کوشل اور سارہ علی خان کے علاوہ رکیش بیدی، شارب ہاشمی سمیت نیرج سود بھی موجود ہیں۔