پاکستان، افغانستان اور انڈیا سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری
پاکستان، افغانستان اور انڈیا سے عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری
بدھ 24 مئی 2023 15:38
سعودی وژن 2030 کے تحت 2019 میں روٹ ٹو مکہ پروگرام کا آغاز ہوا تھا۔ فوٹو ٹوئٹر
مدینہ منورہ کے شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر عازمین حج کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پاسپورٹ نے پاکستانی عازمین کے دوسرے گروپ کا شاندار استقبال کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مکہ روٹ نظام کے تحت عازمین کا مملکت میں داخلی طریقہ کار بلا تعطل جاری ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فضائی، سرحدوں اور بحری راستوں سے آنے والے عازمین کے لیے طریقہ کار کو موثر طریقے سے خوش آمدید کہنے کے لیے تیاری مکمل ہے۔
عازمین حج کے داخلے میں جدید ترین تکنیکی آلات سے سہولتیں فراہم کرنے کے لیے محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے لیے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر الداؤد نے پاکستان سے آنے والوں کے لیے مکہ روٹ سکیم سے مستفید ہونے کے لیے رواں ماہ کے شروع میں ایک معاہدے پر دستخط کیے۔
اس سکیم کا مقصد پوری مسلم دنیا سے عازمین حج کی مملکت آمد پر ان کے لیے سہولیات میں اضافہ کرنا ہے۔
روٹ ٹو مکہ اقدام سعودی عرب کے (Guests of God Service) پروگرام کا حصہ ہے، جس کا افتتاح خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 2019 میں سعودی وژن 2030 پروگرام کے تحت کیا تھا۔
اس سکیم کے تحت عازمین حج اپنے اپنے ممالک کے ہوائی اڈوں پر امیگریشن کی سہولت سے مستفید ہوتے ہیں۔
قبل ازیں پیر کے روز افغانستان سے عازمین حج کی پرواز کی آمد کا خیرمقدم ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے کیا گیا۔
انڈیا سےعازمین کرام کی پہلی پرواز کا بھی اسی دن مدینہ ایئرپورٹ پر ایئرلائنز کے عہدیداروں اور جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کے نمائندوں کے ساتھ ساتھ دیگر سرکاری عہدیداروں نے استقبال ہوا۔
فلائی اڈیل کے سی ای او نے عازمین کے پہلے قافلے کی آمد پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کے اس سال حج کے منصوبے میں 182 سے زائد انٹرنیشنل پروازوں پر 35 ہزار سے زائد عازمین کی آمد شامل ہے۔
حج سیزن 2023 میں سعودی عرب کی ائیرلائن فلائی اڈیل پہلی بارعازمین کی نقل و حمل کے آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔
دریں اثناء جدہ میں سعودی ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ افیئرز نے عازمین حج کو طبی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے حج کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کرنے کا اعلان کیا۔
ڈائریکٹوریٹ کے اقدامات میں حجاج کرام کے مملکت میں داخل ہونے کے بعد انہیں صحت کی خدمات، علاج اور صحت سہولیات سے آگاہی فراہم کرنا شامل ہے۔
ڈائریکٹوریٹ کے میڈیکل، ٹیکنیکل اور انتظامی شعبوں کے تقریباً 1300 ملازمین دوران حج خدمات پیش کریں گے۔
وزارت صحت کی جانب سےعازمین کو فراہم کی جانے والی صحت سہولیات بہتر بنانے کے لیے واضح حکمت عملی تیار کی گئی ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں