Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روٹ ٹُو مکہ کے تحت 26 ہزار پاکستانی سعودی عرب پہنچیں گے: سعودی سفیر

وزیر مذہبی امور نے بتایا کہ ’اتوار کو پہلی حج پرواز 300 عازمین کو لے کر کراچی سے مدینہ روانہ ہو گی‘ (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعيد المالكی نے کہا ہے کہ ’رواں برس روٹ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت 26 ہزار پاکستانی سعودی عرب پہنچیں گے۔‘
پاکستان کی وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سنیچر کو وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے اسلام آباد میں سعودی وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔
عشائیے سے خطاب میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعيد المالكی نے کہا کہ ’روٹ ٹو مکہ سعودی عرب کا ویژن برائے 2030 ہے۔‘
پاکستان میں تعینات اسلامی ممالک کے سفیروں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر وزیر مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے کہا کہ سعودی وفد ہمارے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ 
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ ہمارے لیے وہ کتنا اہم ہے۔ پاکستانی عوام کی سعودی عرب سے محبت لازوال ہے۔
’سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان گہرے دیرینہ روابط ہیں۔ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پاکستان سے خاص لگاؤ کو سراہتے ہیں۔‘
وزیر مذہبی امور کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ سعودی عرب میں ہمارے حجاج کا خاص خیال رکھا جائے گا۔‘
’اتوار سے پہلی حج پرواز 300 سے زائد عازمین کو لے کر کراچی سے مدینہ روانہ ہو گی۔ حج پروازوں کے ساتھ ہی حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔‘

شیئر: