پاکستانی کرکٹر بابر اعظم اور محمد رضوان ہارورڈ جانے کے لیے پرجوش
دونوں کھلاڑی 31 مئی سے تین جون تک جاری رہنے والے پروگرام میں شرکت کے لیے کراچی سے امریکہ کا سفر کریں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے مایہ ناز بیٹرز بابر اعظم اور محمد رضوان ایک منفرد سفر کا آغاز کرنے لگے ہیں۔
دونوں بلے باز دنیا کی مشہور امریکی ہارورڈ یونیورسٹی کے پروگرام دی بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اینڈ سپورٹس (بی ای ایم ایس) میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹرز ہوں گے۔
پاکستان کے سابق کپتان راشد لطیف نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ بابر اور رضوان ہارورڈ بزنس سکول کے پروگرام میں حصہ لیں گے۔
دونوں کھلاڑی 31 مئی سے تین جون تک جاری رہنے والے پروگرام میں شرکت کے لیے کراچی سے امریکہ کا سفر کریں گے۔ بابر اور رضوان بوسٹن شہر میں موجود ہارورڈ بزنس سکول کے کیمپس میں کلاسز لیں گے۔
محمد رضوان آنے والے پروگرام کے حوالے سے کافی پرجوش ہیں اور انہوں نے نوجوان کرکٹرز کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
رضوان کا کہنا تھا کہ ’ایسے باوقار عالمی سٹیج پر پاکستان کی نمائندگی کرنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ ہم ہارورڈ کے بی ای ایم ایس پروگرام میں جا رہے ہیں تاکہ دنیا کے بہترین لوگوں سے سیکھ سکیں اور ساتھ ہی ساتھ اپنے سفر اور تجربے کو سب کے ساتھ بانٹیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ایک دلچسپ سفر ہو گا، اور میں کرکٹ کی دنیا کے اگلے سپر سٹارز کے ساتھ اپنے تجربات شیئر کرنے کا منتظر ہوں۔‘
کپتان بابر اعظم کے لیے یہ سفر ایک نئے افق کی تلاش اور کرکٹ کمیونٹی کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کا ایک موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’میں وہ انسان ہوں جو زندگی بھر سیکھنے کے عمل سے گزرتا ہے اور میں نے پروفیسر ایلبرس اور رحمانی کے ساتھ اس پروگرام کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی ہے۔ ہارورڈ میں اس عالمی معیار کے پروگرام میں شامل ہونے کا مقصد وہاں سے سیکھنا اور پھر پوری دنیا میں اپنی کمیونٹی کو واپس کرنا ہے۔‘