آئی سی سی رینکنگ، ٹی20 میں رضوان دوسرے جبکہ بابر اعظم تیسرے نمبر پر
آئی سی سی رینکنگ، ٹی20 میں رضوان دوسرے جبکہ بابر اعظم تیسرے نمبر پر
بدھ 12 اپریل 2023 17:18
آئی سی سی ٹی20 ٹیم رینکنگ میں انڈیا پہلے، انگلینڈ دوسرے جبکہ پاکستان تیسرے نمبر پر ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی20 کی نئی رینکنگ جاری کر دی ہے۔
بدھ کے روز جاری کی گئی تازہ رینکنگ کے مطابق بیٹرز کی فہرست میں انڈیا کے سوریا کمار یادیو پہلے نمبر ہیں۔
رینکنگ میں پاکستان کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان دوسرے اور سٹار بیٹر کپتان بابر اعظم تیسرے نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی کی ٹی20 رینکنگ میں سوریا کمار یادیو کے 906 پوائنٹس ہیں جبکہ ان سے نیچے براجمان محمد رضوان کے 811 اور بابر اعظم کے 755 پوائنٹس ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق بابر اعظم بدھ کے روز جاری کی گئی رینکنگ میں چوتھے سے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں اور ان کے پاس نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی20 میچز کی سیریز میں سوریا کمار یادیو کے قریب آنے کا موقع ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز سنیچر 14 اپریل سے لاہور میں شروع ہو رہی ہے۔
اگر ٹی20 بیٹرز کی رینکنگ دیکھی جائے تو سوریا کمار یادیو پہلے نمبر پر موجود ہیں جبکہ ان کے بعد محمد رضوان دوسرے اور بابر اعظم تیسرے نمبر پر ہیں۔
اسی طرح چوتھے نمبر پر جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم چوتھے، نیوزی لینڈ کے ڈیون کانوے پانچویں، جنوبی افریقہ کے رائلی رُوسو چھٹے، یو اے ای کی محمد وسیم ساتویں، انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان آٹھویں، آسٹریلیا کے ایرون فنچ نویں اور انگلینڈ کے جوز بٹلر دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
اس طرح بولرز کی رینکنگ میں افغانستان کے لیگ سپنر راشد خان پہلے اور فضل حق فاروقی دوسرے، آسٹریلیا کے جوش ہیزل وُڈ تیسرے، سری لنکا کے وانندو ہاسارنگا اور مہیش تھیکشانا بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔
انگلینڈ کے عادل رشید چھٹے، آسٹریلیا کے ایڈم زمپا ساتویں، انگلینڈ کے سیم کَرن آٹھویں، افغانستان کے مجیب الرحمان نویں جبکہ جنوبی افریقہ کے اینرک نوکیا دسویں نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی20 کرکٹ میں اگر آل راؤنڈرز کی رینکنگ پر نگاہ ڈالی جائے تو شکیب الحسن پہلے، انڈیا کے ہاردک پانڈیا دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، شاداب خان چوتھے اور سری لنکا کے وانندو ہاسارنگا پانچویں نمبر پر ہیں۔
نمیبیا کے جے جے سمٹ چھٹے، زمبابوے کے سکندر رضا ساتویں، جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم آٹھویں، نمیبیا کے ڈیوڈ ویزے نویں اور انگلینڈ کے معین علی دسویں نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی ٹی20 ٹیم رینکنگ میں انڈیا پہلے، ورلڈ چیمپئن انگلینڈ دوسرے، پاکستان تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، نیوزی لینڈ پانچویں، آسٹریلیا چھٹے، ویسٹ انڈیز ساتویں، سری لنکا آٹھویں، بنگلہ دیش نویں اور افغانستان دسویں نمبر پر ہے۔