Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں سات ٹریفک خلاف ورزیوں کی خود کار نگرانی

محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے نئے خودکار سسٹم کا افتتاح کیا
سعودی عرب میں محکمہ امن عامہ کے ڈائریکٹر محمد البسامی نے اتوار عوامی سلامتی پر اثر انداز ہونے والی  سات ٹریفک خلاف ورزیوں کی خود کار نگرانی کے نظام کا افتتاح کیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ان خلاف ورزیوں میں ’سڑک کے کنارے، فٹ پاتھ یا ممنوعہ ٹریک پر ڈرائیونگ، رات کے وقت ہیڈ لائٹس آن نہ رکھنے یا خراب موسم میں ہیڈ لائٹس نہ جلانے، ٹرکوں اور ہیوی گاڑیوں  کے ڈرائیوروں کی جانب سے دائیں ٹریک کی پابندی نہ کرنا شامل ہیں۔ 
اسی طرح سڑکوں پر ٹریفک نظام کی پابندی نہ کرنا، بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی چلانا یا مخدوش نمبر پلیٹ والی گاڑی ڈرائیو کرنا،  گاڑیوں کے وزن پیما سٹیشنوں کو نظرانداز کرنا، ٹرانسپورٹ اور ممنوعہ مقامات پر گاڑی پارک کرنا بھی ایسی ہی خلاف ورزیوں میں شامل ہے۔ 
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’چار جون 2023 سے خود کار سسٹم کے تحت خلاف ورزیوں کی نگرانی کا آغاز کیا جائے گا۔’
بیان کے مطابق ’محکمہ ٹریفک اور روڈ سکیورٹی فورس ان خلاف ورزیوں پر نظر رکھے گی۔ اس کا مقصد ٹریفک نظم و ضبط کا معیا بہتر کرنا، ٹریفک سلامتی کو یقینی بنانا اور شہروں کے اندر اور باہر شاہراہوں پر ہونے والی غلطیوں کو کنٹرول کرنا ہے۔‘ 

شیئر: