’تمباکو نوشی سے سعودی شہریوں کی اوسط عمر گھٹ رہی ہے‘
سعودی وژن 2030 شہریوں کی اوسط عمر میں اضافے کے لیے کوشاں ہے(فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی وزیر صحت فہد الجلاجل نے کہا ہے کہ’ تمباکو نوشی سے سعودی شہریوں کی متوقع اوسط عمر 1.6 سال کی شرح سے گھٹ جاتی ہے‘۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر صحت نے کہا کہ’ سعودی وژن 2030 مقامی شہریوں کی اوسط عمر میں اضافے کے لیے کوشاں ہے۔ تمباکو نوشی سے اوسط عمر میں کمی کا سلسلہ وژن کے منافی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ صحت زیادہ توجہ کی مستحق ہے۔ سگریٹ نوشی اسے خرابی کی جانب دھکیل رہی ہے‘۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ ’بعض کام سگریٹ نوشی سے چھٹکارا حاصل کرنے میں معاون ہو سکتے ہیں۔ سب سے اہم یہ کہ ایسے مقامات سے دور رہا جائے جہاں تمباکو نوشی کا ماحول ہو۔ نکوٹین کا متبادل استعمال کیا جائے اور ورزش کے ساتھ سماجی رابطے بہتر بنائے جائیں‘۔
سفہد الجلاجل نے کہا کہ ’جو لوگ تمباکو نوشی ترک کرنا چاہتے ہیں وہ 937 یا صحتی ایپ پر جاکر تمباکو نوشی سے چھٹکارے کےلیے قائم کلینکس میں بکنگ کراسکتے ہیں‘۔