Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’اردنی کھانے پینے سے زیادہ سگریٹ نوشی پر خرچ کررہے ہیں‘

ایک اردنی خاندان ماہانہ 150 ڈالر سے زیادہ خرچ کررہا ہے (فوٹو: فری پکس)
عالمی ادارہ صحت( ڈبلیو ایچ او) نے  کہا ہے کہ اردنی باشندے دنیا بھر میں سب سے زیادہ سگریٹ نوشی کرتے ہیں۔ 
الامارات الیوم کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ’اردن کے باشندے کھانے پینے سے کہیں زیادہ سگریٹ نوشی پر خرچ کررہے ہیں‘۔ 
ایک اردنی خاندان ماہانہ 150 ڈالر سے زیادہ سگریٹ نوشی پر خرچ کررہا ہے جبکہ پھلوں پر 36 ڈالر اور گوشت پر 70 ڈالر خرچ کیے جاتے ہیں۔
اردن سگریٹ نوشوں کی تعداد اور سگریٹ نوشی پر اخراجات کے حوالے سے  دنیا میں سرفہرست ہے۔ 
عالمی ادارہ صحت عمان برانچ  کی جانب سے جاری اعداد وشمارمیں بتایا گیا کہ’ اردن میں بالغ افراد (18 تا  69 سال) میں تمباکو نوشی کا تناسب 66.1 فیصد ہے‘۔
اردنی سگریٹ، سگار، حقہ اور گرم تمباکو کی مختلف مصنوعات استعمال کررہے ہیں جبکہ 15.9 فیصد ای سگریٹ کا شوق کررہے ہیں۔ 
رپورٹ میں کہا گیا کہ اردن کے بالغ افراد میں نکوٹین کا مجموعی تناسب 82 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔ 
اردنی وزارت صحت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ’ ملک کے مختلف علاقوں میں تمباکو نوشی سے نجات حاصل کرنے کے خواہش مند افراد کی مدد کے لیے 26 سے زیادہ کلینک قائم کیے ہیں‘۔
’ان کلینکس میں تربیت یافتہ صحت عملہ تعینات ہے۔ 2022 کے دوران گیارہ ہزار سے زیادہ افراد نے ان کلینکس سے رجوع کیا‘۔ 

شیئر: