وزارت نے کافی شاپس کے منتظمین پر پابندی عائد کی ہے کہ اگر وہ میونسپلٹی یا بلدیاتی کونسل سے فٹ پاتھ استعمال کرنے کی اجازت حاصل کیے ہوئے ہیں تو صرف ایسی صورت میں کافی شاپ کے خارجی مقامات پر شیشہ یا حقہ گاہکوں کو پیش کیا جاسکتا ہے جبکہ خارجی حصے میں موجود افراد باہر سے گزرنے والوں کو نظر نہ آرہے ہوں۔
وزارت نے اس حوالے سے ایک شرط یہ بھی عائد کی ہے کہ شیشے والے حصے کو باہر سے گزرنے والوں کی نظروں سے اوجھل رکھنےکےلیے جو پارٹیشن قائم کیا گیا ہو وہ کم از کم دو میٹر اونچا ہو۔ پارٹیشن میں بجلی کا کوئی سسٹم نصب نہ ہو۔ ایک شرط یہ بھی ہے کہ کافی شاپس اور ریستورانوں کے بیرونی اورداخلی دروازے تمباکو نوشوں اورغیرتمباکو نوشوں کے لیے جدا ہوں۔
وزارت نے کیوبن سگار فراہم کرنے والی شاپس پر پابندی عائد کی ہے کہ دکان کا رقبہ 24 مربع میٹر سے کم نہ ہو۔
تمباکو کی سہولت فراہم کرنے کی صورت میں اصل رقبے میں مزید 10 میٹر کا اضافہ کرنا ہوگا علاوہ ازیں تمباکو مصنوعات کو ذخیرہ کرنے والا کمرہ یا نظام بھی فراہم کرنا ہوگا کمرے کا رقبہ ایک مربع میٹر سے کم نہ ہو۔
وزارت نے ایک پابندی یہ بھی لگائی ہے کہ ریستوران یا کافی شاپس کسی بھی شکل میں تمباکو یا کیوبن سگارکی تشہیر نہ کریں۔
تمباکو مصنوعات کے بورڈ نہ لگائے جائیں۔ ریستوران فٹ پاتھوں کی بینچوں پر تمباکو مصنوعات پیش نہ کریں۔
وزارت بلدیا ت و دیہی و آباد کاری امور نے تمباکو اور کیوبن سگار کے حوالے سے تمام نئی پابندیوں کی تفصیلات اپنی ویب سائٹ پر دے دی ہیں۔