لبنان میں فلسطینی اڈے پر دھماکے میں پانچ افراد ہلاک
لبنان میں فلسطینی اڈے پر دھماکے میں پانچ افراد ہلاک
بدھ 31 مئی 2023 17:05
اسرائیلی فورسز نے اس مہلک دھماکے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ فوٹو عرب نیوز
لبنان کے مشرقی علاقے میں قائم ایک بیس کیمپ پر اتفاقی طور پر ہونے والے دھماکے میں شام کے حامی فلسطینی عسکریت پسند گروپ کے پانچ جنگجو ہلاک ہو گئے۔
روئیٹرز نیوز ایجنسی کے مطابق لبنان کے سیکورٹی ذرائع نے بدھ کو بتایا ہے کہ پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین کی جنرل کمانڈ (PFLP-GC) کے ترجمان نے شامی سرحد کے قریبی علاقے قصایا میں واقع اڈے پر راتوں رات چھاپہ مارنے کا الزام اسرائیل پرلگایا ہے۔
اسرائیل کی جانب سے اس حملے میں کسی بھی طرح سے ملوث ہونے کی تردید کی گئی ہے۔
سیکورٹی ذرائع نے میڈیا سے بات کرنے کا اختیار نہ ہونے کے باعث نام ظاہر نہ کرنے پر بتایا ہے کہ اس بیس پر اسلحہ ڈپو میں پرانا راکٹ پھٹنے سے وہاں موجود پانچ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں مقیم گروپ کے شامی حکومت اور اس کے مرکزی لبنانی اتحادی گروپ حزب اللہ کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور لبنان کی مشرقی وادی بیکا میں اس کے اڈے قائم ہیں۔
پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین کے ترجمان انور راجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے اڈے پر رات کے وقت چھاپہ مارا ہے۔
انور راجہ نے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ پانچ جنگجو مارے گئے اور فی الحال ہمارے پاس اس چھاپے کے بارے میں کوئی تفصیلی معلومات نہیں ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی فورسز کے ترجمان نے اس مہلک دھماکے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اسرائیل ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) کی کارروائی نہیں ہے۔
قبل ازیں اگست 2019 میں مشتبہ اسرائیلی حملوں میں شامی سرحد کے قریبی قصبے قصایا میں پاپولر فرنٹ فار لبریشن آف فلسطین کے حامیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
ایک سیکیورٹی اہلکار نے بتایا کہ اس سے پہلے جولائی 2015 میں بھی قصایا میں قائم اس اڈے پر ہونے والے دھماکے میں سات افراد زخمی ہوئے۔