Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی عرب میں ’لامحدود مواقع‘ موجود ہیں: نائب وزیر خزانہ میکسیکو

میکسیکو سعودی عرب کے ساتھ  شراکت دار بننا چاہتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
میکسیکو کے نائب وزیر خزانہ نے سعودی عرب کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں ’لامحدود مواقع‘ موجود ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق ریاض کے دو روزہ دورے کے موقع پر گیبریل گونزالیز نے کہا کہ ’میکسیکو سعودی عرب کے ساتھ  شراکت دار بننا چاہتا ہے کیونکہ مملکت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ہم سعودی عرب کے ساتھ شراکت داری اور تعلقات کو مضبوط کرنے کے لامحدود مواقع دیکھ رہے ہیں‘۔
گیبریل گونزالیز نے مزید کہا کہ ’ہم نے تجارت، فوڈ سکیورٹی، توانائی کی منتقلی، پانی اور  پائیدار انفراسٹرکچر بڑھانے کے لیے مشترکہ مفادات حاصل کیے ہیں‘۔
خیال رہے کہ گیبریل گونزالیزنے میکسیکو میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور خلیجی ریاستوں کے ساتھ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے مشن کے حصے کے طور پر 28 سے 29 مئی تک مملکت کا دورہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ’ ہم سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ تعلقات استوار کرنے کی توقع کر رہے ہیں، اس لحاظ سے اقتصادی اور مالی تعاون میں اضافہ کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ ہم اس خوبصورت ملک میں ایک متحرک موجودگی چاہتے ہیں‘۔
میکسیکو کے نائب وزیر خزانہ نے کہ ’ ہم نے فرموں اور کاروباری اداروں کو اکٹھا کرنے پر اتفاق کیا۔ہماری توجہ ثقافت، سیاحت اور صاف پانی پر مرکوز رہے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ دونوں ممالک بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں مصروف ہیں جو ہمارے لوگوں کے لیے تبدیلی کا باعث ہوں گے اور اس کے لیے ہمیں وسائل کو متحرک کرنے کی ضرورت ہو گی‘۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع ہے جب میکسیکو نے وزارت خزانہ اور وزارت خارجہ سے ایک وفد سعودی عرب بھیجا ہے۔
میکسیکو کے وفد نے سعودی عرب کے دورے کے دوران نیوم کی ’دی لائن‘ نمائش اور کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کا دورہ کیا۔
میکسیکو کے سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ  یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر کیا گیا۔

شیئر: