Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چیتا مکان میں داخل، دل کا دورہ پڑنے سے ہلاک

ممبئی ..... ممبئی کے ضلع رتنا گیری میں ایک چیتا ممبئی کے ایک رہائشی کے گھر میں داخل ہوگیا ۔ یہ مکان اکثر بند رہا کرتا ہے لیکن اسکے مکین چند روز قبل یہاں آئے تھے۔ چیتا دیکھنے کے بعد انہوں نے اس کمرے میں دروازے اورکھڑکیاں سب بند کردیں۔ محکمہ جنگلات کے حکام کو اطلاع دیدی گئی جس نے 4گھنٹے کے آپریشن کے بعد 10ماہ کی عمر کے اس چیتے کو پکڑ لیا لیکن جب اسے باہر نکالا جارہا تھا تو دل کا دورہ پڑا اور وہ مر گیا۔ رتنا گیری فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کے پاس جانوروں کو بے ہوش کرنے والی گن موجود نہیں۔ محکمہ کے ا یک افسر نے کہا کہ جب ہم اسے نکالنے کی کوشش کرتے تو وہ گراﺅنڈ فلور سے سیڑھیوں کے راستے پہلی منزل پر چلا جاتا اور ایسا کئی مرتبہ ہوا۔ اس نے کہا کہ ہم دو بڑے بڑے پنجرے لیکر گئے تھے اور دونوں دروازوں پر رکھدیئے تھے۔ ایک مرتبہ تو وہ بڑے پنجرے میں داخل بھی ہوگیا لیکن جب ہم اسے بند کرنے گئے وہ وہاں سے بھی نکل بھاگا۔ بے شمار لوگ یہ منظر دیکھنے کیلئے کھڑے ہوگئے تھے۔ انکی چیخ و پکار سے بھی چیتا پریشان ہوا لیکن ہماری ٹیم آخر کار اسے پنجرے میں بند کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ ہم اسے گاڑی میں رکھ کر لے گئے لیکن جب دروازہ کھولا تو پتہ چلا کہ وہ دل کے دورے کے نتیجے میں مرچکا تھا۔ چیتے انسان سے انتہائی خوفزدہ ہوتے ہیں اور چیخ وپکار کرنے سے پریشان ہوجاتے ہیں۔
 

شیئر: