Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

منی پور نسلی فسادات، ہتھیار نہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی: امیت شاہ

منی پور میں ہونے والی لڑائی میں کم سے کم 70 افراد ہلاک ہوئے (فوٹو: روئٹرز)
انڈیا کے وزیر داخلہ امیت شاہ نے شمالی مشرقی ریاست منی پور میں نسلی بنیادوں پر ہونے والی لڑائی میں شریک لوگوں سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پچھلے کچھ روز کے دوران ہونے والی لڑائی مں پولیس سٹیشنز پر دھاوے بولے گئے اور سرکاری بندوقیں بھی چھینی گئیں۔
جمعرات کو منی پور کے دارالحکومت امپھال کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امیت شاہ نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کو پولیس کی بڑی کارروائی شروع ہون سے قبل ہتھیار نہ ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
امیت شاہ جو وزیراعظم نریندر مودی کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں، رواں ہفتے کے آغاز میں پہنچے تھے اور اعلان کیا تھا کہ تشدد کے واقعات کی تحقیقات کی جائیں گی۔
مئی کے وسط میں میٹی اور کوکی نسلی گروہوں کے دوران جھڑپیں ہوئی تھیں۔ امپھل کے قریبی علاقوں میں رہائش پذیر میٹی قبیلے میں اکثریت ہندوؤں کی ہے جبکہ کوکی میں اکثریت مسیحیوں کی ہے جو پہاڑوں کے قریبی علاقے میں رہتے ہیں۔
جھڑپوں میں کم سے کم 70 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو اپنے گھر چھوڑنا پڑے۔
بدامنی بڑھنے پر متاثرہ علاقوں میں فوج کو تعینات کر دیا گیا تھا۔

فسادات کے دوران پولیس سٹیشنز پر حملے کیے گئے اور سرکاری اسلحہ چھینا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

ریاست منی پور کے وزیراعلٰی این بائرن سنگھ نے بھی جمعرات کے روز واقعات میں ملوث لوگوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود کو قانون کے حوالے کر دیں اور چھینا گیا اسلحہ بھی واپس کریں۔‘
پچھلے ہفتے مقامی میڈیا نے وزیراعلٰی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ دونوں حریف گروپوں نے ایک دوسرے کے خلاف ایم 16 اور اے کے 47 استعمال کیے۔
انڈیا کی دور دراز ریاست منی پور جو بنگلہ دیش، چین وار میانمار کے قریب واقع ہے وہاں اس سے قبل نسلی گروہوں کے درمیان شورش سر اٹھاتی رہی ہے۔
حالیہ لڑائی کی وجہ حکومت کا وہ اقدام بنا تھا جس میں ممکنہ طور پر میٹی قبیلے کو سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ مل جانا تھا جس پر کوکی گروہ نے ناراضی کا اظہار کیا۔
اس پر انہیں خدشہ پیدا ہو گیا تھا کہ میٹی گروہ کو بھی ان علاقوں میں زمین حاصل کرنے کی اجازت مل سکتی ہے جو فی الحال کوکی اور دوسرے گروہوں کے لیے مخصوص ہیں۔

شیئر: