9 اور 10 مئی کو ہونے والے جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے واقعات کے بعد پورے ملک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں اور کارکنان کو بڑے پیمانے پر گرفتار کیا گیا ہے تاہم خیبرپختونخوا سے اب تک کوئی اہم پی ٹی آئی رہنما گرفتار نہ ہوسکا ہے۔
فوجی تنصیبات اور دیگر سرکاری عمارتوں میں توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے سلسلے میں صوبے میں تحریک انصاف حکومت کے کارکنوں اور رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں اور اب تک دو ہزار 500 سے زائد کارکنان گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
مزید پڑھیں
-
کنگز پارٹی کیسے بنتی ہے؟ کون بناتا ہے؟ کیا اب بھی بن رہی ہے؟Node ID: 768971
-
شوکت یوسفزئی کی مظاہرین سے رابطوں کی تردیدNode ID: 769196
-
فواد چوہدری جو کر رہے ہیں اس میں سرگرم نہیں ہوں: اسد عمرNode ID: 769221
پولیس حکام کے مطابق سابق وزیر شکیل خان، سابق مشیر شفیع اللہ اور سابق ایم پی اے لیاقت خان گرفتار کیے جاچکے ہیں۔ اس طرح انصاف یوتھ ونگ کے مرکزی صدرمینا خان بھی قانون کی گرفت میں آچکے ہیں۔
سابق وزیراعلی سمیت سابق وزرا کی گرفتاری ابھی تک کیوں نہیں ہوئی؟
سابق وزیراعلی سمیت پی ٹی آئی کے سینیئر قیادت 10 مئی کے واقعات کے بعد منظر عام سے غائب ہے۔ پولیس کی جانب سے تمام رہنماؤں کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں مگر تاحال کوئی بڑی گرفتاری عمل میں نہ آسکی ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلی محمود خان، سابق وفاقی وزیر پرویز خٹک، سپیکر مشتاق غنی، علی امین گنڈا پور، سابق صوبائی وزرا کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت دیگر رہنما تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔
پولیس کیا کہتی ہے؟
انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات گنڈاپور نے پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ نرمی برتنے کے الزمات کی تردید کرتے ہوئے اردو نیوز کو بتایا کہ اب تک بہت سے ملزمان گرفتار ہیں۔

دیگر ملزمان بھی جلد گرفتار ہوں گے۔
سی سی پی او پشاور نے بدھ کے روز ایک بیان میں بتایا تھا کہ پی ٹی آئی کے رہنماوں کو گرفتار نہ کرنے کا تاثر غلط ہے ایسی کوئی بات نہیں کہ ہم جان بوجھ کر گرفتار نہیں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقدمات میں نامزد رہنما گھروں پر رات گزارنے کے لیے نہیں آتے ہیں۔
نگران وزیر اطلاعات کا موقف
نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال نے اردو نیوز کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے کسی ایسے رہنما سے رعایت نہیں کی جائے گی جس نے قانون ہاتھ میں لیا ہو۔
’مقدمات میں نامزد تمام رہنماؤں کے خلاف کارروائی ہوگی ۔‘
ان کا کہنا ہے پولیس اور تمام ادارے مقدمات میں نامزد لوگوں کی گرفتاری کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی قیادت صوبے سے باہر روپوش ہے وہ اپنے گھروں میں نوکروں کو چھوڑ کر فرار ہوچکے ہیں۔
