Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد چوہدری جو کر رہے ہیں اس میں سرگرم نہیں ہوں: اسد عمر

فواد چودھری نے گذشتہ روز کہا تھا کہ اسد عمر سمیت پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے (فوٹو: پی ٹی آئی ٹوئٹر)
پاکستان تحریک انصاف کے سبکدوش ہونے والے سیکریٹری جنرل اسد عمرنے کہا ہے کہ وہ فواد چوہدری کی سیاسی سرگرمیوں کا حصہ نہیں ہیں اور جو وہ کر رہے ہیں اس میں سرگرم نہیں ہیں۔ 
جمعرات کے روز لاہورمیں صحافیوں سے مختصر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ فواد چوہدری کی سرگرمیوں کے بارے میں انہی سے پوچھا جائے۔
فواد چوہدری نے بدھ کے روز اڈیالہ جیل میں تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے بعد جیل کے باہر تحریک انصاف چھوڑنے والے دیگر دو رہنماوں  عمران اسماعیل اور محمود مولوی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کے آج مذاکرات ہوئے ہیں۔ 25 کروڑ عوام کو آصف علی زرداری اور نواز شریف کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا۔‘ 
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ’پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں سے تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔ علی زیدی ، پرویز خٹک، اسد عمر، فرخ حبیب اور عاطف خان سے رابطہ کیا ہے، شاہ محمود قریشی سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔‘
انہوں نے کہا کہ اس حکومت کو اپوزیشن کے بغیر ایسے کُھلا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ملک کو پی ڈی ایم کے سہارے نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ہمارا ماننا ہے کہ پاکستان کو مستحکم حل کی طرف جانا ہے۔ ہمیں حل نکالنا ہے، حل نکالنے کی طرف جائیں گے۔‘ 
تاہم جب اسد عمر سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ’جی فواد صاحب سرگرم ہوئے ہوئے ہیں، وہی بتائیں گے کہ کیا کر رہے ہیں۔‘ 
جب رپورٹر نے ان سے سوال کیا کہ ’آپ سرگرم ہیں کہ نہیں؟‘ تو انہوں نے جواب دیا کہ ’نہیں، وہ فواد صاحب جو کر رہے ہیں، اس میں ایکٹو نہیں ہوں۔‘  
فواد چوہدری کی پریس کانفرنس کے بعد سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے زین قریشی اور حماد اظہر پہلے ہی فواد چودہری کے بیان کی تردید کر چکے ہیں۔ 

شیئر: