اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین اور رجوہ السیف رشتہ ازدواج میں منسلک
اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین اور رجوہ السیف رشتہ ازدواج میں منسلک
جمعرات 1 جون 2023 17:42
اردن کے ولی عہد شہزادہ حسین بن عبداللہ اور سعودی خاتون رجوہ السیف رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔
عرب نیوز کے مطابق عمان میں ان کی شادی کی تقریب قصر زھران میں ہوئی۔ شاہی جوڑا گاڑیوں کے قافلے میں قصر الحسینیہ جائے گا جہاں شادی کا استقبالیہ دیا جائے گا۔
شادی کے بعد رجوہ السیف اردن کی شہزادی بن گئی ہیں اور جب ولی عہد تخت سنبھالیں گے تو وہ ملکہ بن جائیں گی۔
شاہی دربار کے امام ڈاکٹر احمد الخلیلی نے ولی عہد اور رجوہ السیف کا نکاح پڑھایا۔
قصر زھران میں ولی عہد کے والدین شاہ عبداللہ دوم اور ملکہ رانیہ کی شادی 1993 میں ہوئی تھی۔
نکاح کی تقریب میں شاہی ہاشمی خاندان کے افراد، مدعو کیے گئے شاہی خاندان اور ریاستوں کے سربراہوں سمیت تقریباً 140 مہمان نے شرکت کی۔
دنیا بھر سے مدعو کیے گئے مہمانوں میں برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن، امریکہ کی خاتون اول جِل بائیڈن، قطر کی شیخہ موزہ بنت ناصر، ملائیشیا کے شاہ اور ملکہ، نیدرلینڈز کا شاہی خاندان، لیگزمبرگ کے شہزادہ سیباسچیئن، ڈینمارک کے ولی عہد، سویڈین کی شہزادی وکٹوریا اور شہزادہ ڈینیئل، ناورے اور جاپان کے شاہی خاندان شامل ہیں۔
رجوہ السیف 1968 کی رولز رائس فینتم میں محل میں پہنچیں۔ یہ گاڑی اس وقت کی ملکہ زین ال شرف کے لیے تیار کی گئی تھی۔
حسب روایت دولہا اور دلہن کی آمد کا اعلان اردن کی مسلح افواج کے میوزیکل بینڈ کی جانب سے کیا گیا جسے زفۃ کہا جاتا ہے۔
شام کو شادی کی تقریب میں مقامی و علاقائی فنکار اور گلوکار اپنی پرفارمنس پیش کریں گے۔
تقریب کا اختتام دولہا اور دلہن کے شادی کا کیک کاٹنے کے ساتھ ہو گا۔
گذشتہ ایک سال سے شاہی شادی کی تیاری ہو رہی تھی۔ ان کی منگنی اگست 2022 میں جدہ میں ہوئی تھی۔