اردنی ولی عہد اور سعودی خاتون رجوۃ خالد السیف کی شادی، تقریبات کا آغاز
عشائیے میں اردن کے چار ہزار سے زیادہ شہری شریک ہوں گے ( فوٹو: اردنی نیوز ایجنسی)
اردن میں ولی عہد شہزادہ الحسین بن عبد اللہ الثانی کی سعودی خاتون رجوۃ خالد السیف کے ساتھ شادی کے دو روزہ جشن کا آغاز بدھ 31 مئی 2023 سے ہوگا۔
اردن کے سرکاری خبررساں ادارے پیٹرا کے مطابق شاہ عبداللہ الثانی اس موقع پر الہاشمی ایوان شاہی میں عشائیہ دیں گے جس میں اردن کے چار ہزار سے زیادہ شہری شریک ہوں گے۔
عشائیہ کے دوران اردن کے گیت اور نظمیں پیش کی جائیں گی۔ ان کے ذریعے اردن کے رنگا رنگ ثقافتی ورثے کا اظہار ہوگا۔
جمعرات یکم جولائی کو زہران محل میں نکاح کی رسم ادا ہوگی۔ یہاں سے شاہی جوڑے کا کارواں سرخ جلوس کے جلو میں الحسینیہ محل کا رخ کرے گا۔
شاہی جوڑے کا کارواں دارالحکومت عمان کی متعدد سڑکوں سے گزرے گا۔ جنہیں قومی پرچموں سے آراستہ کردیا گیا ہے۔ اس موقع پر مختلف شکل و صورت میں خوشی کا مظاہرہ ہوگا۔
ملکہ اردن رانیہ العبداللہ الحسینیہ محل میں استقبالیہ دیں گی۔ اس کے بعد باقاعدہ عشائیے کا اہتمام ہوگا۔
اردن کے شاہی جوڑے کی شادی کی تقریبات میں شرکت کے لیے مہمان عمان پہنچنے لگے ہیں۔
شادی کی تقریب میں برادر اور دوست ممالک کے سربراہ، ولی عہد اور ممتاز شخصیات شامل ہوں گی۔
اردنی ولی عہد کی تقریب میں ملکی، علاقائی و بین الاقوامی میڈیا زبردست دلچسپی لے رہا ہے۔
متعدد ٹی وی چینلز شادی کے پروگرام براہ راست دکھائیں گے۔ اس موقع پر اردن کے مختلف علاقوں میں متعدد پروگرام ہوں گے۔