Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج کی خدمات میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی: وزیر اسلامی امور 

اسلامی امورکی جانب سے مختلف زبانوں میں حج آگاہی فراہم کی جاتی ہے (فوٹو،ایس پی اے)
سعودی وزیر اسلامی امور و دعوت و رہنمائی شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کہا ہے کہ عازمین حج کی خدمات میں کوتاہی کرنے والے کسی بھی اہلکار کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔
عکاظ اخبار کے مطابق آل الشیخ نے یہ بھی کہا کہ حج سیزن کے دورن تمام اہلکاروں کی کارکردگی پر نظر رکھنے کے لیے نگران ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں جو 24 گھنٹے ڈیوٹی پر ہیں۔ مملکت سے آخری حاجی کی روانگی تک نگرانی جاری رکھی جائے گی۔ 
آل الشیخ نے مذکورہ انتباہ منٰی، مزدلفہ اور عرفات میں اپنی وزارت کے اداروں کے دورے کے موقع پر جار کیا۔ وہ وزارت اسلامی امور میں حج، عمرہ و زیارت خدمات کی اعلٰی کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں۔ 
آل الشیخ نے اپنے دورے کا آغاز عرفات کی مسجد نمرہ، وہاں وزارت کے صدر دفتر اور دعوۃ کیبنز سے کیا۔ وہ مزدلفہ میں مسجد المشعر الحرام کے انتظامات دیکھنے کے لیے پہنچے تھے۔ انہوں نے منٰی میں مسجد الخیف کا بھی دورہ کیا۔  
آل لشیخ نے کہا کہ مکہ مکرمہ ریجن میں اصلاح و مرمت کا کام 100 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے ہمیں مطلوبہ بجٹ قیادت کی جانب سے دیا گیا ہے۔ 

حج آپریشن کے دوران اہلکاروں کی کارکردگی کوجانچا جائے گا (فوٹو، ایس پی اے)

آل الشیخ نے کہا کہ ہماری وزارت نے حجاج کو ان کی اپنی زبان میں دینی و حج آگہی فراہم کرنے کے لیے دگنی تعداد میں مبلغ اور مترجم مہیا کیے ہیں۔ ترجمے اور دعوت کا کام خواتین سے بھی لیا جا رہا ہے۔ 
وزارت نے ٹیلیفون کے ذریعے 32 ملین آگہی پروگراموں کی بھی منظوری دی ہے۔ ایس ایم ایس کے ذریعے بھی دعوتی پیغامات دیے جا رہے ہیں اور کیبنز کے ذریعے بھی حج آگہی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ 

شیئر: