ابوظبی : ریاست اور اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچانا سنگین جرم
ریاست کے خلاف افواہیں پھیلانے پر5 برس قید اور5 لاکھ درھم جرمانہ ہوگا(فوٹو، ٹوئٹر)
ابوظبی محکمہ انصاف نے خبردار کیا ہے کہ ریاست اور اس کے اداروں کی نیک نامی کو نقصان پہنچانے پر 5 برس قید اور پانچ لاکھ درہم جرمانے کی سزا ہوگی۔
الامارات الیوم کے مطابق محکمہ انصاف نے توجہ دلائی ہے کہ ان دنوں ریاست میں ایک مہم چلائی جارہی ہے جسے ’آپ کی آزادی ، قانونی حد تک‘۔
محکمہ انصاف نے توجہ دلائی ہے کہ جو شخص بھی کسی ویب سائٹ یا انفارمیشن نیٹ ورک یا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے کسی ذریعے سے ریاست یا اس کے کسی ادارے کے خلاف معلومات عام کرے گا یا بدنام کرنے والی خبریں یا ڈیٹا ، تصاویر ، وڈیو یا افواہیں پھییلائے گا اسے5 برس قید اور پانچ لاکھ درہم تک جرمانے کی سزا ہوگی۔
کسی بھی شخص کو ریاست یا اس کے کسی ادارے یا اقتدار کو چیلنج کرنے یا ریاستی وقار اور شناخت کو نقصان پہنچانے یا مذاق اڑانے کی اجازت نہیں ہے۔
محکمہ انصاف نے توجہ دلائی ہے کہ بہت سارے اداروں کی جانب سے اپنے خلاف پھیلائے جانے والے لٹریچر یا بدنامی کا باعث بننے والے تبصروں کو نظر انداز کرنے کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ایسا کرنے والوں کے خلاف وہ عدالت کے دروازے نہیں کھٹکھٹا سکتے لہذا سب پر لازم ہے کہ وہ منہ کھولنے سے قبل یہ بات مدنظر رکھیں کہ ان کی گفتگو یا تصاویر جاری کرنے سے وہ قانونی احتساب کے دائرے میں تو نہیں آئیں گے۔
محکمہ انصاف نے توجہ دلائی ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی وسائل کے ذریعے دشنام طرازی اور آبرو کے حوالے سے تہمت پر زیادہ سخت سزا ہے کیونکہ ان وسائل کے ذریعے جو کچھ بھی پیش کیا جاتا ہے وہ تیزی سے پورے معاشرے میں پھیل جاتا ہے۔