دبئی میں جھگڑے کے دوران اسرائیلی ہلاک، آٹھ مشتبہ ملزمان گرفتار
متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس نے ایک جھگڑے کے دوران ایک اسرائیلی شہری کے قتل کے الزام میں آٹھ مشتبہ اسرائیلی شہریوں کو گرفتار کیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق دو اسرائیلی فیملیز کے درمیان ہونے والے جھگڑے کے دوران ایک اسرائیلی کی موت واقع ہوئی تھی۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ ’مرنے والے اسرائیلی باشندے غسان شمسیہ کی عمر 33 سال تھی‘۔
پولیس نے بتایا کہ ’سراغرسانوں نے واقعہ کے تین گھنٹے کے اندر دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ چوبیس گھنٹے کے اندر دیگر چھ افراد کو حراست میں لیا گیا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ اسرائیلی خاندان کے افراد ایک یورپی ملک سے سیاحت اور مارکیٹنگ کے لیے دبئی آئے تھے۔ ان کی ملاقات ایک کافی ہاوس میں غسان سے ہوئی تھی‘۔
’فریقین میں تلخ کلامی ہوئی جو لڑائی کی شکل اختیار کرگئی۔ اسی دوران چھری کے وار سے غسان زخمی ہو گیا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کرچل بسا‘۔