’پی ٹی آئی کے لوگوں کو پیغام ہے کہ پیچھے نہیں ہٹنا مضبوط رہیں‘
سابق وزیر اعلٰی پنجاب اور تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو پیغام ہے کہ وہ حق پر کھڑے ہیں اور پیچھے نہ ہٹیں۔
جمعرات کی شام لاہور میں پنجاب کی اینٹی کرپشن کی ٹیم نے پرویز الٰہی کو گرفتار کیا تھا اور جمعے کو انہیں عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’میں بے گناہ ہوں اور مجھے اپنی عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جہاں تک افواجِ پاکستان کی بات ہے تو میں شروع ہی سے ان کا حامی رہا ہوں، لیکن یہ ملک و قوم کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں۔‘
سابق وزیراعلٰی نے مزید کہا کہ ’میرا پی ٹی آئی کے لوگوں کو پیغام ہے کہ آپ سچ پر ہیں، حق پر ہیں، پاکستان کے لیے کھڑے ہیں تو آپ مضبوط رہیں۔ آپ نے بالکل پیچھے نہیں ہٹنا۔ تگڑے ہو جائیں بس۔‘
پرویز الٰہی کی گرفتاری کے بعد پنجاب کے نگراں وزیر اطلاعات عامر میر کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الٰہی اینٹی کرپشن پولیس کو مطلوب تھے، انہیں پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعلٰی پنجاب بُلٹ پروف گاڑی میں گھر سے نکل کر فرار ہو رہے تھے اور گرفتاری کے وقت انہوں نے مزاحمت بھی کی۔
نگراں وزیر اطلاعات کے مطابق پرویز الٰہی نے گاڑی کا دروازہ کھولنے سے انکار کیا جس کے بعد ان کی گاڑی کے شیشوں کو توڑا گیا۔
’اینٹی کرپشن ٹیم نے کرپشن کے مقدمے میں لاہور پولیس کی مدد سے چودھری پرویز الٰہی کو گرفتار کیا، اس کیس میں وہ مطلوب تھے، ان کی عبوری ضمانت خارج ہو چکی تھی اور مفرور تھے۔‘
سابق وزیراعلٰی کے ترجمان اقبال چودھری نے ایک بیان میں بتایا کہ پرویز الٰہی کو ان کی رہائش گاہ چوہدری ظہور الٰہی روڈ لاہور سے اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ گھر سے باہر جا رہے تھے۔‘